بزنس لیڈرز فی کس آمدنی 5ہزار ڈالر کرسکتے ، سیف الرحمان
معاشی ترقی کیلئے حکومت اور نجی شعبے میں مضبوط شراکت داری ناگزیر
لاہور(اے پی پی)وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا کہ نجی شعبے کے ٹاپ 1000 کلب کے بزنس لیڈرز2060 تک فی کس آمدنی1,900 ڈالر سے بڑھا کر5,000 ڈالر تک پہنچانے اور ملکی خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں ۔تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ہدف کیلئے آئندہ تین دہائیوں تک مجموعی قومی پیداوار میں سالانہ5 سے 5.5 فیصد مسلسل اضافہ اور آبادی کی شرح نمو پر موثر انداز میں قابو پانا ضروری ہے تاکہ فی کس آمدنی میں فیصد سالانہ اضافہ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط شراکت داری، پالیسیوں کا تسلسل، سیاسی استحکام، انسانی وسائل میں سرمایہ کاری، جدید انفرااسٹرکچر، غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ عزم کے ذریعے پاکستان2060 تک مضبوط، خوشحال اور اپر مڈل انکم معیشت بن سکتا ہے۔