ترقی میں صوبائی دارالحکومت آگے ، دیگر اضلاع پیچھے،ورلڈ بینک
مالی وسائل کی تقسیم میں نمایاں عدم مساوات،بلوچستان میں یہ فرق زیادہ
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک )ورلڈبینک نے اپنی تازہ ‘‘اسٹرینتھننگ فسکل فیڈرلزم’’ رپورٹ میں انکشاف کیا کہ پاکستان میں صوبائی دارالحکومتوں اور دیگر اضلاع کے درمیان ترقیاتی و مالی وسائل کی تقسیم میں نمایاں عدم مساوات برقرار ہے ،جس کے باعث انسانی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری متاثر ہورہی ہے ،بلوچستان میں یہ فرق سب سے زیادہ ہے ، جہاں کوئٹہ کو دیگر اضلاع کے مقابلے میں فی کس 475 فیصد زیادہ سرکاری اخراجات ملتے ہیں، جبکہ پنجاب میں لاہورکو 440 فیصد،خیبر پختونخوا میں پشاورکو 335 فیصد اور سندھ میں کراچی کو 178 فیصد زیادہ فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں۔ورلڈ بینک کے مطابق اگرچہ 2010 کے ساتویں این ایف سی ایوارڈکے بعدصوبوں کے وسائل میں اضافہ ہوا اور 2009 کے مقابلے میں دارالحکومتوں اوردیگر اضلاع کے درمیان اخراجاتی فرق میں کچھ کمی آئی، تاہم صوبائی دارالحکومت آج بھی وسائل کاغیر متناسب حصہ حاصل کررہے ہیں۔