بغیر رجسٹریشن سگریٹ کیس:جسٹس شہباز کی سماعت سے معذرت
ملزموں کے پہلے وکیل کے پیش ہو کر بیان دینے تک سماعت نہیں کر سکتے :عدالت ملزموں کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے بغیر رجسٹریشن کے سگریٹ بنانے کے الزام میں گرفتار ملزموں کی درخواست ضمانت پر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو ارسال کر دی۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے ملزم بصیر آفریدی،سعید آفریدی کی درخواست بعد از گرفتاری پر سماعت کی۔عدالت نے استفسار کیا کہ ملزموں کے پہلے وکیل کہاں ہیں۔ملزموں کے وکیل رضوان کلار نے بتایا کہ انہوں نے این او سی دے دیا ہے اب وہ اس کیس میں پیش نہیں ہوں گے۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ملزموں کے پہلے وکیل کے پیش ہو کر بیان دینے تک سماعت نہیں کر سکتے ،کیس مزید سماعت کیلئے چیف جسٹس کو ارسال کر دیتے ہیں۔ رضوان کلار نے دلائل میں کہا کہ ملزموں کے خلاف فیڈرل ایکسائز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوا اور ایف بی آر نے 6 اپریل 2026 کو انہیں گرفتار کیا،ایف بی آر کے مطابق سگریٹ کمپنی پشاور میں رجسٹرڈ ہے جبکہ دونوں گرفتار افراد کمپنی کے ملازم ہیں، ہر صوبے میں کمپنی کا الگ سے رجسٹرڈ ہونا ضروری نہیں ۔عدالت ملزموں کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کر کے رہا ئی کا حکم دے۔