ریٹیلر ایپ کا اجراء، چھوٹے دکانداروں کیلئے ٹیکس سکیم آسان بنا دی: وزیر خزانہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ریٹیلر ایپ کا اجراء کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس سکیم کو آسان اور اختیاری بنایا گیا ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے نفاذ سے معیشت میں شفافیت آئے گی۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ بجٹ سکیم کو بہتر بنانے کے لیے مشاورتی عمل کو مؤثر بنایا جا رہا ہے، مختلف طبقات اور شعبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی سازی کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا ناگزیر ہے، کسی ایک طبقے کو نظرانداز کرکے ملک کا نظام نہیں چلایا جاسکتا، 25 سے 26 کروڑ آبادی کے ملک کو آسان اور بہتر نظام فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ عوام کے لیے نظام کو آسان اور مؤثر بنانا حکومت کی بنیادی ترجیح ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس سکیم کو آسان اور اختیاری بنایا گیا ہے، چھوٹے دکاندار چاہیں تو اس سکیم کے بجائے معمول کے ٹیکس نظام میں رہ سکتے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ دکانداروں کے لیے نئی سکیم میں چند اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں اور چھوٹے دکانداروں اور دیگر کاروباری طبقات کے درمیان واضح تفریق رکھی گئی ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ ٹیکس نظام میں ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلا جائے اور کسی طبقے کو یہ شکایت نہ ہو کہ اس پر دوسرے طبقات کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ نئی سکیم میں شامل ہوکر اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، جو لوگ سکیم سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے، ان کے خلاف آئندہ ضروری اقدامات کیے جائیں گے، حکومت کا مقصد ہر کاروباری طبقے کو قومی ٹیکس دائرے میں لانا اور ٹیکس نظام میں ہر طبقے کی شمولیت یقینی بنانا ہے، نئی سکیم کی کامیابی کے لیے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کا تعاون بھی ضروری ہے۔

تاجروں کی مشاورت سے سکیم تیار کی گئی، بلال اظہر کیانی

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ تاجر برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، تاجروں کی مشاورت اور رہنمائی سے نئی سکیم تیار کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری سے مشاورت کے بعد سکیم کو حتمی شکل دی گئی، جبکہ تاجروں کے لیے تیار کردہ سکیم کا آج باقاعدہ عملی آغاز ہوگیا ہے۔

بلال اظہر کیانی کے مطابق سکیم کا اعلان 5 جون کو وزیر خزانہ کی زیر صدارت تقریب میں کیا گیا تھا، جبکہ بجٹ پیش ہونے کے بعد اس کے عملی نفاذ کے لیے تیاریوں کا آغاز کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...