علیمہ کا اڈیالہ روڈ پردھرنوں میں کارکنوں کو نہ بلا نیکا اعلان

علیمہ کا اڈیالہ روڈ پردھرنوں میں کارکنوں کو نہ بلا نیکا اعلان

آئندہ بہنوں کے سوا کوئی نہ آئے ،ملاقات کے لئے جن کے نام ہوں وہ آئیں

 راولپنڈی (نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک )علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کے حوالے سے نیا لائحہ عمل دیدیا ، اڈیالہ جیل کے باہر صرف بہنیں دھرنا دیں گی ،کارکنوں کو نہ بلانے کا اعلان کر دیا،کارکنوں کو اپنے علاقوں میں حقیقی آزادی کے لئے سٹریٹ موومنٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کی کال کے باوجود انتہائی کم تعداد میں کارکن اڈیالہ جیل کے قریب پہنچے ،پولیس نے فیکٹری ناکے سے آگے رکاوٹیں لگا کر کارکنوں کو آگے جانے سے روک اور بھاری نفری تعینات کردی،اس موقع پر عمران خان کی بہنوں اور کارکنوں نے ملاقات نہ ہونے پر فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا۔

علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ہم تین بہنوں کے سوا کوئی بھی اڈیالہ جیل نہیں آئے گا، ملاقات کے لیے جن رہنماؤں کے نام ہوں گے وہ بے شک اڈیالہ آئیں آئندہ صرف 3 بہنیں اڈیالہ جیل آئیں گی، جو کارکن یہاں آتے رہے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے سٹریٹ موومنٹ کے پیغامات پہلے آچکے ہیں، پارٹی لیڈر اپنے اپنے اضلاع میں سٹریٹ موومنٹ کو لیڈ کریں گے اور پریشر بنائیں گے ، پارٹی قیادت پر اب یہ فرض ہے کہ حکومت پر دباؤ بڑھائے ، ہماری تحریک بانی سے ملاقات کی نہیں حقوق کی بحالی ہے ،بانی کے حقوق بحال ہوں گے تو اس میں ہماری ملاقاتیں ہوں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں