شدید گرمی ، کئی شہروں میں ہیٹ انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا

شدید گرمی ، کئی شہروں میں ہیٹ انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا

اسلام آباد لاہورکراچی پشاور ودیگرشہروں میں حبس ،گرمی کی دوہری شدت کا سامنا ضلع کوہلو میں موسلا دھار بارش ، چترال میں فلیش فلڈ، شاہراہ بند،200 مسافر ریسکیو

 اسلام آباد،کوہلو،چترال،کرک(دنیا نیوز،آن لائن)ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ، جہاں ہیٹ انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، لاہور، کراچی ، سبی، بہاولپور، ڈی آئی خان، دادو، سرگودھا، حیدرآباد، سکھر، شیخوپورہ، فیصل آباد، پشاور، سیالکوٹ سمیت دیگرمتعدد شہروں میں شہری شدید حبس اور گرمی کی دوہری شدت کا سامنا کر رہے ہیں۔ سبی میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم نمی کی بلند شرح پرمحسوس ہونیوالا درجہ حرارت 68.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جو ملک میں سب سے زیادہ رہا۔

بہاولنگر میں 42 ڈگری کیساتھ محسوس ہونیوالا درجہ حرارت 56.7 ، ڈی آئی خان میں 41 ڈگری کیساتھ 55.8 ،اسلام آباد میں 36.5 ڈگری کیساتھ 44.4 ،لاہور میں 35.5 ڈگری کیساتھ محسوس ہونیوالا درجہ حرارت 41.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ نمی اور کمزور ہواؤں سے ہیٹ انڈیکس میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے ، جس سے محسوس ہونیوالی گرمی اصل درجہ حرارت سے کہیں زیادہ ہو جاتی ہے ۔ متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، زیادہ سے زیادہ پانی پینے ، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہننے کی ہدایت کی گئی ہے ۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کوہلو اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے گرمی ختم،موسم خوشگوار ہو گیا ۔

مسلسل بارش پر ندی نالوں میں طغیانی آ گئی اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ۔ ادھرلوئر چترال میں مون سون کی شدید بارشوں سے فلیش فلڈ اور ملبے کے ریلے سے دروش تا اشیرات شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہو گئی، کئی مسافر گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں۔ ریسکیو 1122 لوئر چترال نے بروقت کارروائی کرکے 200 سے زائد مسافروں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ ریسکیو ٹیموں نے کلکٹاک، کالدام گول، سویر اور اشیرات ودیگرمتاثرہ علاقوں میں چھ گھنٹے امدادی آپریشن جاری رکھا۔ ملبے میں پھنسنے والی چار مسافر گاڑیوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ۔ ضلع کرک میں حالیہ بارشوں سے ڈیموں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو نے پر تمام ڈیموں پر دفعہ 144 نافذ کرکے تفریحی سرگرمیوں پر 30 دن کیلئے پابندی عائد کر دی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں