بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف :زاہد محمود

بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف :زاہد محمود

بلوچستان میں دہشتگردی کے پیچھے بیرونی اور اندرونی عوامل کارفرما ہیں بیڈ گورننس بھی بلوچستان کے مسائل کی بڑی وجہ : ’’دنیا مہر بخاری کیساتھ‘‘

لاہور (دنیا نیوز) دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) زاہد محمود نے کہا ہے کہ بلوچستان کی صورتحال محض ایک یا دو عوامل کا نتیجہ نہیں بلکہ اس کی نوعیت سٹریٹجک ہے اور اس کے پسِ پردہ متعدد اندرونی اور بیرونی عوامل کارفرما ہیں۔ پاکستان کیخلاف دہشتگردی اور پراکسی جنگ کا مشترکہ ماڈل بلوچستان میں استعمال کیا جا رہا ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اس پراکسی جنگ میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے ، جبکہ افغانستان میں موجود طالبان حکومت دہشت گرد تنظیموں کو پناہ دے رہی ہے ۔

تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی دہشت گرد کارروائیاں سب کے سامنے ہیں اور اس تنظیم کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے ۔ بلوچستان میں بی ایل اے اور دیگر کالعدم تنظیمیں بھی سرگرم ہیں، جبکہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔ معرکۂ حق کے بعد بھارت مزید متحرک ہوا ہے ۔ بلوچستان کے مسائل میں بیڈ گورننس بھی ایک اہم عنصر ہے ۔ مختلف حکومتوں کے ادوار میں ترقیاتی فنڈز کے بے دریغ غلط استعمال سے بھی مسائل میں اضافہ ہوا۔ بی ایل اے اور دیگر تنظیمیں بھتہ خوری سمیت مختلف ذرائع سے مالی وسائل حاصل کرتی ہیں جبکہ انہیں بیرون ملک سے بھی مالی معاونت اور معلوماتی مدد فراہم کی جاتی ہے ۔ بلوچستان میں دہشت گردوں کے مقامی سہولت کار بھی موجود ہیں۔ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کر رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں