توانائی کی بچت طلب اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کا بہترین حل : وزیر اعلیٰ سندھ
سیکا کو توانائی استعمال میں کمی،سرکاری شعبے کے بجلی اخراجات کم ، پائیدار ترقی کیلئے اصلاحات پر عملدرآمد کی ہدایت مراد شاہ کی زیر صدارت بورڈ کا پانچواں اجلاس،صوبے بھر میں توانائی کے تحفظ کیلئے جامع روڈ میپ کی منظوری
کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں توانائی کے تحفظ اور توانائی کی بچت کے اقدامات کو مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع روڈ میپ کی منظوری دیتے ہوئے سندھ انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی (سیکا)کو ہدایت کی ہے کہ توانائی کے استعمال میں کمی، سرکاری شعبے کے بجلی کے اخراجات کم کرنے اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے اصلاحات پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے ۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی کے بورڈ کے پانچویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سندھ انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی رولز 2022 ئمیں ترامیم، صوبائی انرجی ایفیشنسی ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام، نئے سروس ریگولیشنز اور تنظیمی ڈھانچے ، صوبہ بھر میں آگاہی مہم، سرکاری عمارتوں کے انرجی آڈٹ اور ادارے کے فنڈز میں اضافے سمیت متعدد اہم اقدامات کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی کی بچت اور مؤثر استعمال پائیدار اقتصادی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور مالیاتی ذمہ داری کے لیے ناگزیر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے سندھ انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی کو ہدایت کی کہ وہ صرف ادارہ جاتی ترقی تک محدود نہ رہے بلکہ سرکاری محکموں، صنعتوں اور گھریلو سطح پر توانائی کے استعمال میں قابلِ پیمائش کمی لانے پر توجہ دے ۔انہوں نے زور دیا کہ توانائی کی بچت بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب سے کم لاگت والا مؤثر حل ہے ۔وزیراعلیٰ نے سندھ انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی رولز 2022 میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی منظوری دی۔