نئے بجٹ سے معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ، وزیر خزانہ
کم مہنگائی، بڑھتے زرمبادلہ کے ذخائر کی وجہ سے معاشی استحکام ہوا :اورنگزیب ،وفد سے گفتگو ریگولیٹرز کاروباری آسانیوں کے ساتھ ساتھ قانون کا موثر نفاذ یقینی بنا ئیں ، اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ کے تحت پاکستان کے معاشی بنیادی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی اور مالیاتی پائیداری مزید مضبوط ہوئی۔ ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معاشی اصلاحات اور مؤثر معاشی پالیسیوں سے پاکستان کی اقتصادی کارکردگی مسلسل بہتر ہو رہی ہے ۔ کم مہنگائی، بڑھتے زرمبادلہ کے ذخائر، مضبوط بیرونی شعبے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی وجہ سے معاشی استحکام ہوا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ کم مالیاتی خسارہ، ریکارڈ پرائمری سرپلس اور بہتر قرضہ جاتی انتظام سے مالیاتی پائیداری مزید مضبوط ہوئی ہے ۔ علاوہ ازیں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ ریگولیٹری اداروں کو کاروبار اور سرمایہ کاری میں آسانیاں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں شفاف، منصفانہ اور سازگار کاروباری ماحول کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ قوانین کے موثر نفاذ کو بھِی یقینی بناناضروری ہے ،سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری ترقی اور مارکیٹ کے اعتماد کو مضبوط بنانے کے لئے کاروبار دوست ریگولیٹری فریم ورک انتہائی ضروری ہے۔