سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگار ماحول دینا اولین ترجیح ، احسن اقبال
اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی ترقی میں کردار ادا کریں،شکاگو میں خطاب
اسلام آْباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر احسن اقبال نے شکاگو میں ایک اجلاس سے خطاب کیا جس میں فارچیون 500 کمپنیوں کے سابق اعلیٰ عہدیداروں، مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ ممتاز ماہرین، امریکی ٹیکنالوجی سرمایہ کاروں اور پاکستانی نژاد امریکی شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہاسرما یہ کاری ، کاروبار اور اختراع کے فروغ کے لئے سازگار ماحول فراہم کر نا حکومت کی او لین ترجیح ہے ، قومی سلامتی، مؤثر سفارت کاری اور معاشی استحکام میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
حکومت نے معاشی اصلاحات کے ذریعے ملک کو دوبارہ معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا، مہنگائی میں نمایاں کمی کی ، شرحِ سود میں بھی کمی ممکن بنائی ۔ حکومت نے مضبوط بنیاد فراہم کر دی ہے ، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اوورسیز پاکستانی اپنی سرمایہ کاری، تجربے ، پیشہ ورانہ روابط اور مہارتوں کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔ دورہ شکاگو کے دوران وفاقی وزیر نے یونیورسٹی آف شکاگو کے مختلف شعبوں کے سربراہان اور ماہرین سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں ۔پروفیسر مادھو راجن اور پروفیسر کیٹی ہیرنیاک سے ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی طلبہ کے لیے ایک مشترکہ تعلیمی پروگرام متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت وہ اپنی تعلیم کا ایک حصہ شکاگو میں جبکہ ریسرچ کا کام پاکستان میں مکمل کریں گے ۔