ڈار سے بلاول کی ملاقا ت، کشمیر ، جی بی کی صورتحال پر تبادلہ خیال
آزاد کشمیر انتخابات، گلگت بلتستان حکومت سازی سمیت دیگر امور پر بات چیت سعودی سفیر بھی ملے ،علاقائی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ، وقائع نگار ، ایجنسیاں ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے اہم شخصیات اور وفود نے ملاقاتیں کیں، جن میں ملکی سیاسی صورتحال، علاقائی امن، پاکستان کی سفارتی کوششوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور پولیو کے خاتمے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ میں بلاول بھٹو زرداری نے نائب وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت ملکی سیاسی صورتحال اور عالمی منظرنامے پر پاکستان کی پوزیشن پر بات چیت ہوئی ۔ اسحاق ڈار نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی پر بلاول کو مبارکباد دی، جبکہ بلاول نے منتخب حکومت کی تشکیل میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ عام انتخابات آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد ہونا نہایت اہم۔
دریں اثنا پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے بھی نائب وزیراعظم سے ملاقات کی ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد پیدا ہونے والی تازہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مکالمے و سفارت کاری کے فروغ کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔ سعودی سفیر نے علاقائی امن و سلامتی کے لئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا، جبکہ پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ادھر پولیو اوور سائٹ بورڈ (POB) کے اعلیٰ سطح بین الاقوامی وفد نے بھی اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے ، عالمی تعاون، علاقائی و عالمی امور اور انسانی ہمدردی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے عالمی شراکت داروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت مضبوط سیاسی عزم اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے پُرعزم ہے ۔ وفد نے علاقائی امن کے فروغ اور عالمی انسانی ہمدردی کے معاملات میں پاکستان کے فعال سفارتی کردار کو بھی سراہا۔