اچھرہ : ٹیوشن سینٹر میں بیہوشی کے بعد بچی جاں بحق، مالک مکان گرفتار
نعیمہ 2بہنوں کے ساتھ ٹیوشن پڑھنے گئی،واش روم سے واپس نہ آنے پر ٹیچر دیکھنے گئی تو بیہوش پایا،گردن پر نشانات ہسپتال لے جایا گیا ، جانبر نہ ہوسکی ، زیر حراست عبدالرئوف کی دونوں بیٹیاں ٹیچر،20بچے ،بچیاں سینٹر میں زیر تعلیم
لاہور (کرائم رپورٹر)اچھرہ میں واقع ٹیوشن سینٹر میں 11سالہ بچی بے ہوشی کے بعد ہسپتال پہنچ کر جاں بحق ہوگئی ،بچی کی گردن پر نشانات پائے گئے ، پولیس نے مالک مکان سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔بتایا گیا کہ نعیمہ گھر سے اپنی دیگر دو بہنوں کے ساتھ قریبی ٹیوشن سنٹر گئی ،تین منزلہ گھر کی دوسری منزل پر بچوں کو گھر کی عورتیں ٹیوشن پڑھا رہی تھیں، بچی گراؤنڈ فلور پر واش روم گئی تھی، دس منٹ تک واپس نہ آنے پر ٹیچر نیچے آئی تو بے ہوشی کی حالت میں واش روم میں پڑی تھی، ٹیچر نے شور مچانا شروع کردیا اس دوران محلے دار اکٹھے ہو کر اندر گئے ، نعیمہ کو بے ہوشی کی حالت میں دیکھ کر پانی کے چھینٹے مارے گئے ہوش نہ آنے پر ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔پولیس کے مطابق بچی کی گردن پر نشانات ہیں۔
پولیس نے گھر کے مالک عبدالرؤف اور دیگر افراد کو حراست میں لے کر بیانات قلم بند کرنے شروع کر دئیے ، عبدالرئوف کی دونوں بیٹیاں ٹیویشن پڑھاتی ہیں اور سینٹر میں 20 کے قریب بچیاں اور بچے ٹیوشن پڑھتے ہیں۔پولیس کے مطابق مختلف پہلوؤں سے تفتیش جار ی ہے ، تاہم حتمی حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک شواہد سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوں گے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ،انہوں نے کہا واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور محرکات کا تعین مزید تفتیش، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔ بچی کے والد عدنان کے مطابق ٹیوشن سینٹر سے کال آئی تھی کہ بچی بے ہوش ہو گئی ۔بچی کو فوری ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نے اس کی موت کی تصدیق کردی، پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا یا موت کی وجوہات کچھ اور ہیں اس حوالے سے حقائق ، پوسٹ مارٹم اور فرانز ک رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے ۔پولیس نے مقتولہ کے والد محمد عدنان کی مدعیت میں نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔