پاک بحریہ ،پی ایم ایس اے کا ریسکیوآپریشن ،20افراد کو بچالیا

پاک بحریہ ،پی ایم ایس اے کا ریسکیوآپریشن ،20افراد کو بچالیا

اورماڑہ کے قریب سمندر میں ڈوبنے والی مال بردار کشتی کی امدادی کال پر کارروائی

کراچی (دنیا نیوز)پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے )نے 24 گھنٹوں کے دوران دوسرا کامیاب مشترکہ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے اورماڑہ کے قریب سمندر میں ڈوبنے والی مال بردار کشتی کے تمام 20 پاکستانی عملے کے ارکان کو بچا لیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق مال بردار کشتی میں پانی بھر جانے کے باعث وہ ڈوبنے لگی، جس پر جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر کو امدادی کال موصول ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس حنین اور ضروری فضائی وسائل کو فوری طور پر امدادی کارروائی کیلئے روانہ کیا گیا، جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کشتی میں سوار تمام 20 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں