خانیوال،جہانیا ں،کبیروالا میں الیکٹروبس عوام کا حق،کسی کا احسان نہیں:مریم نواز
خالق آباد تلمبہ روڈ کے شکستہ پل کی تعمیر جلد شروع کرنے کی ہدایت، دوسرے علاقوں میں بھی بس سروس لانے کا اعلان وزیراعلیٰ سے ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات، عوامی مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کا حکم،ارکان اسمبلی کاخراج تحسین
لاہور(نیوزایجنسیاں )وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خانیوال سمیت دیگر اضلاع میں الیکٹرو بس پہنچنے پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ خانیوال، جہانیاں اور کبیروالا میں الیکٹروبس عوام کا حق ہے ، کسی کا احسان نہیں۔ صوبہ بھر کے عوام کیلئے 1500 الیکٹروبسیں لارہے ہیں۔ الیکٹروبس محض ایک سہولت نہیں بلکہ نئے اور جدید ٹرانسپورٹ کلچر کا آغاز ہے ۔انہوں نے خالق آباد تلمبہ روڈ ایس ایم لنک کے شکستہ پل کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ضلع خانیوال کے ارکان صوبائی اسمبلی عامر حیات ہراج،چودھری ضیاء الرحمن،رانا محمدسلیم، اکبر حیات ہراج، رانا بابر حسین عابد، اسامہ فضل، اصغر حیات ہراج اوردیگر کی ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارکان اسمبلی کے پیش کردہ عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کا حکم دیا اورتلمبہ اور میاں چنوں سمیت ضلع خانیوال کے دیگر علاقوں میں بھی جلدمزید الیکٹرو بس سروس لانے کا اعلان کیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے ملتان، وہاڑی روڈ کی تعمیر پر وزیراعلیٰ کی کاوش کو سراہا اور ضلع خانیوال میں الیکٹروبس سروس شروع کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا اورضلع خانیوال کے عوام کی طرف سے الیکٹروبس کے آغاز پر شکریہ ادا کیا۔
رکن پنجاب اسمبلی عامر حیات ہراج نے کہا کہ خانیوال کے عوام پاکستان کی جدید ترین بس سروس کا آغاز کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو سلام پیش کرتے ہیں۔رکن اسمبلی رانا محمد سلیم نے کہا کہ خانیوال میں الیکٹرو بس کا اجرانئے اور جدید ترین ٹرانسپورٹ کلچر کا آغاز ہے ۔ اکبر حیات ہراج نے کہا کہ کبیر والااور گرد و نواح کے عوام کے لئے الیکٹروبس نعمت ہے ۔ چودھری ضیاء الرحمن نے کہا کہ جہانیاں اور گرد و نواح کے لوگ الیکٹرو بس کے اجرا پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ممنون ہیں۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز نے فیصل آباد میں زیر تعمیر چھت گرنے سے ماں، بیٹے سمیت 3 افراد کے جاں بحق ہونے پر شدید دکھ کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں، وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ مخدوش چھتوں /دیواروں والے خستہ حال گھر کو ''اپنا گھر… محفوظ گھر'' سکیم سے محفوظ بنائیں گے ۔