دیرینہ تنازعات کا منصفانہ حل ہی پائیدار عالمی امن کی ضمانت :ڈار
یو این سیکر ٹر ی جنرل امیدواروں کی ملاقاتیں، کثیرالجہتی نظام کی ضرورت پر زور او آئی سی خواتین وزارتی کانفرنس جائزہ اجلاس ، وفود کو سہولیات فراہم کرنیکی ہدایت
اسلام آباد (وقائع نگار) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکر ٹر ی جنرل کے عہدے کے امیدواروں سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے احترام کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر اور فلسطین سمیت تمام دیرینہ تنازعات کا منصفانہ اور پرامن حل ہی پائیدار عالمی امن کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے عالمی ترقیاتی ایجنڈے کے حصول اور ابھرتے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اقوام متحدہ کے مؤثر کردار اور مضبوط کثیرالجہتی نظام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکر ٹر ی جنرل کی امیدوار ربیکا گرینسپن نے ملاقات کی، جبکہ سیکر ٹر ی جنرل کے امیدوار اور سینیگال کے سابق صدر میکی سال نے بھی گنی بساؤ کے سابق صدر جنرل عمرو سسکو ایمبالو کے ہمراہ نائب وزیراعظم سے ملاقات کی ، دونوں ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی امن، ترقی اور اقوام متحدہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثنا اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں کل سے شروع ہونے والی او آئی سی خواتین سے متعلق نویں وزارتی کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی کے آٹھویں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کانفرنس کے پروگرام، غیر ملکی وفود کو پروٹوکول، سکیورٹی ، لاجسٹکس، میڈیا انتظامات اور بین الوزارتی رابطہ کاری پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ کانفرنس میں شریک ہونے والے تمام غیر ملکی وفود کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں پاکستان کی روایتی مہمان نوازی کا بہترین تجربہ حاصل ہو ۔