پاکستان اور پرتگال کے درمیان خوشگوار تعلقات:گورنر پنجاب
دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزیدفروغ دینے کی ضرورت پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات ، سلیم حیدر کی سفیر سے گفتگو
لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرخان سے پرتگال کے سفیر پاؤلو ڈومینگوئیس (Mr. Paulo Domingues)نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بزنس،زراعت، تعلیم اور ثقافت سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان اچھے اور خوشگوار تعلقات موجود ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزیدفروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے شعبے میں پرتگال کے ساتھ اپنے تعاون کو آگے بڑھانا چاہتا ہے ۔ پاکستان اور پرتگال کے درمیان ہائر ایجوکیش میں سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام ہونے چاہئیں۔ جبکہ پرتگال کے سفیر نے بزنس، سیاحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔