وفاقی کابینہ میں ردو بدل ، نئے نوجوان چہروں کی شمولیت کا امکان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی کابینہ میں ردو بدل اور نوجوان و نئے چہروں کی شمولیت کا امکان ہے جس کیلئے وزیراعظم نے قریبی رفقاء سے مشاورت مکمل کرلی۔
ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قریبی رفقاء سے مشاورت مکمل کرلی ہے جس کے بعد وفاقی کابینہ میں نوجوان قیادت کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ نئے شامل ہونے والے ارکان کو وزیرِ مملکت کے عہدے دئیے جانے کا امکان ہے ، محنتی، متحرک اور نتائج دینے والے ارکان کو آگے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وزیراعظم نے بعض وفاقی وزارتوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، وزارت تجارت اور وزارت صنعت و پیداوار کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھا دئیے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کیلئے بعض وزارتوں میں اصلاحات لانے پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔وزارت آبی وسائل کی کارکردگی سے بھی وزیراعظم غیرمطمئن ہیں، کمزور کارکردگی والی وزارتوں کی خامیاں دور کرنے کیلئے عملی اقدامات کا فیصلہ کیا گیاہے۔