گوادر بندرگاہ پر پہلی بار جہاز میں ایندھن بھرنے کا آپریشن کامیابی سے مکمل

گوادر بندرگاہ پر پہلی بار جہاز میں ایندھن بھرنے کا آپریشن کامیابی سے مکمل

این ایل سی نے ویٹول کے اشتراک سے عرب امارات کے بحری جہاز کو 2500میٹرک ٹن ویری لو سلفر فیول آئل فراہم کیا کامیاب بنکرنگ آپریشن کے بعد گوادر بندرگاہ عالمی جہازوں کیلئے قابل اعتماد متبادل مرکز بننے کی جانب اہم پیش رفت قرار

 اسلام آباد (دنیا رپورٹ) پاکستان کے بحری شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور ،نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن نے عالمی توانائی کمپنی ویٹول کے اشتراک سے گوادر بندرگاہ پر پہلی بار بحری جہاز میں ایندھن بھرنے (بنکرنگ) کا آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا ۔اس تاریخی آپریشن کے دوران متحدہ عرب امارات کے ملکیتی ایل این جی بردار بحری جہاز اینوگو کو انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے معیار کے عین مطابق 2500 میٹرک ٹن ویری لو سلفر فیول آئل فراہم کیا گیا۔استعمال ہونے والا اعلیٰ معیار کا بحری ایندھن مقامی طور پر سینرجیکو پی کے لمیٹڈ نے اپنی ریفائنری میں تیار کیا ہے جو کہ بین الاقوامی بحری ایندھن کے سخت معیار کو پورا کرنے کی ملکی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

صنعت کے ماہرین اس پیشرفت کو پاکستان میں جہازوں کو ایندھن کی فراہمی اور بنکرنگ کے ایک مضبوط نظام کے قیام میں ایک اہم کامیابی قرار دے رہے ہیں۔سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس آپریشن کی کامیابی نے گوادر بندرگاہ کو بین الاقوامی سمندری جہازوں کے لیے ایندھن بھرنے کے ایک انتہائی معتبر اور سٹریٹجک متبادل مقام کے طور پر لا کھڑا کیا ہے ۔ایک ایسے وقت میں جب خطے میں بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل (جغرافیائی سیاسی) کشیدگی روایتی بحری راستوں اور ری فیولنگ بندرگاہوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہے ، گوادر عالمی سمندری تجارت کے لیے ایک محفوظ، فعال اور قابلِ اعتماد آپشن فراہم کرتا ہے جس سے ملک کی بحری معیشت کے لیے نئے معاشی امکانات روشن ہو رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں