آبادی کے چیلنجز کیخلاف مشترکہ کاوشیں ناگزیر:وزیراعظم

آبادی کے چیلنجز کیخلاف مشترکہ کاوشیں ناگزیر:وزیراعظم

حکومتیں،ارکان پارلیمنٹ،سول سوسائٹی،علما سماجی ذمہ داری کا احساس کریں قومی کونسل پالیسی میں ہم آہنگی ،ادارہ جاتی روابط یقینی بنائیگی:شہباز شریف

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں، میں تمام متعلقہ اکائیوں بشمول وفاقی و صوبائی حکومت، اراکینِ پارلیمان، ترقیاتی شراکت دار، سول سوسائٹی، جامعات، نجی شعبہ، علمائے کرام، ذرائع ابلاغ اور مقامی برادریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ آبادی کے معاملے کی حساسیت کے مد نظر ہنگامی بنیادوں پر اپنی سماجی ذمہ داری کا احساس کریں۔انہوں نے کہا کہ آبادی کی ذمہ دارانہ اور دانشمندانہ منصوبہ سازی اور نظم و نسق ہی فلاحی معاشرہ کی بنیاد ہے ۔وسائل سے متناسب آبادی سہولیات کی منصفانہ تقسیم اور خوشحال عوام کی ضمانت ہے ۔ عالمی سطح پر آبادی کے موضوع پر مختص یہ دن اسکی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس سال یہ عالمی دن نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو آج اور مستقبل میں حقیقت بنانا" کے زیرعنوان منایا جا رہا ہے۔ یہ موضوع اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ خوشحال مستقبل کی تشکیل میں نوجوان مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔

نئی نسل کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا آبادی کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور نمایاں نوجوان آبادی کے تناسب کی وجہ سے نمایاں ممالک میں شمار ہوتا ہے ۔ مجموعی ملکی آبادی کا 65 فیصد سے زائد حصہ 30 برس سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے ، جو ایک قیمتی قومی سرمایہ اور معاشی و سماجی ترقی کا مضبوط محرک ہے ۔ تاہم آبادی میں سالانہ 2.55 فیصد اضافہ معاشی منصوبہ بندی، روزگار کی فراہمی، تعلیم، صحت، رہائش، غذائی تحفظ، بنیادی شہری ڈھانچے کی ترقی اور ماحولیاتی پائیداری کے حوالے سے بڑے چیلنجز بھی پیدا کرتا ہے ۔ نوجوان آبادی کی استعداد سے بھرپور استفادہ اور مثبت ثمرات کیلئے دستیاب ملکی وسائل میں مسلسل سرمایہ کاری اور جامع حکمتِ عملی ناگزیر ہے تاکہ انسانی فلاح اور صلاحیتوں کی نشوو نما کو ترقی کے عمل کا محور بنایا جاسکے ۔ملکی آبادی اور ترقی کے تناظر میں جامع اور موثر قومی حکمت عملی کی تشکیل کیلئے وفاقی حکومت کے زیر نگرانی قومی کونسل برائے آبادی قائم کی گئی ہے ۔آبادی کیلئے بہترین منصوبہ سازی کیلئے یہ اعلیٰ سطحی قومی فورم وفاقی اور صوبائی حکومتی پالیسی ہم آہنگی اور ادارہ جاتی روابط کو یقینی بنائے گا۔ یہ کونسل قومی آبادی پروگرام کے نفاذ کیلئے پالیسی رہنمائی کے ساتھ ساتھ قومی ترجیحات کے مطابق مؤثر عملدرآمد کے ضمن میں ضروری اور بروقت فیصلہ سازی بھی کرے گی۔

علاوہ ازیں آبادی سے متعلق امور کی قومی ترقیاتی ایجنڈے میں مؤثر شمولیت، بااختیار خواتین، انسانی وسائل کی ترقی سمیت دیگر حقائق پر مبنی پہلوؤں کی پالیسی سازی اور طویل المدتی سماجی و معاشی خوشحالی کیلئے کام کونسل کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔نوجوانوں کو باصلاحیت، ذمہ دار اور بااختیار شہری بنانے کے عظیم مقصد کے حصول کیلئے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور دیگر اہم قومی اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔تمام شہری بلا تفریق رنگ و نسل بالخصوص معاشرے کے کمزور طبقات سہولیات کی فراہمی اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ ایسے تمام طبقات بشمول خواتین اور بچیوں کی تعلیم، صحت، معاشی شمولیت اور مساوی مواقع حکومت کی ترجیح ہیں۔آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔ میں تمام متعلقہ اکائیوں بشمول وفاقی و صوبائی حکومت، اراکینِ پارلیمان، ترقیاتی شراکت دار، سول سوسائٹی، جامعات، نجی شعبہ، علمائے کرام، ذرائع ابلاغ اور مقامی برادریاں سے اپیل کرتا ہوں کہ آبادی کے معاملے کی حساسیت کے مد نظر ہنگامی بینادوں پر اپنی سماجی ذمہ داری کا احساس کریں اور آبادی سے متعلق باخبر فیصلوں، ذمہ دارانہ پرورش، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔اجتماعی عزم اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہم ایسا ماحول یقینی بنا سکتے ہیں جہاں ہر شہری کو صحت مند، باوقار اور باصلاحیت زندگی گزارنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ مشترکہ کوششوں سے ہم ملکی آبادیاتی صلاحیت کو دیرپا قومی قوت میں بدل سکتے ہیں اور موجودہ و آنے والی نسلوں کیلئے ایک مضبوط، مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں