آبی سلامتی کیخلاف ہر کوشش کی مزاحمت کرینگے : وزیراعلیٰ سندھ

 آبی سلامتی کیخلاف ہر کوشش کی مزاحمت کرینگے : وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون، معاہدوتی ذمہ داریوں اور سرحد پار دریاؤں کے مسلمہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کوئی سیاسی بندوبست نہیں ہے جسے کسی بھی حکومت کی مرضی پر ختم کیا جا سکے ، بلکہ یہ ایک پابند بین الاقوامی معاہدہ ہے جو جنگوں اور دہائیوں کی علاقائی کشیدگیوں کے باوجود برقرار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا بھارت کے پاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا منسوخ کرنے کا کوئی قانونی یا اخلاقی اختیار نہیں ہے ۔ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوئی بھی کوشش ناقابلِ قبول ہے اور اس سے پاکستان میں امن، استحکام اور لاکھوں لوگوں کے روزگار کو خطرہ ہے ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ دریائے سندھ پاکستان کی شہ رگ اور سندھ کی روح ہے ۔ سندھ کے پانی پر کوئی بھی جارحیت سندھ اور پاکستان کے عوام پر جارحیت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے وفاق کی حکومت پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت تمام دستیاب سفارتی اور قانونی راستے اختیار کرے اور بھارت کے ان اقدامات کو متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے ۔پیپلز پارٹی ملک کی آبی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کے خلاف مزاحمت کرتی رہے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں