مون سون میں ہائی الرٹ،مریم نواز کا فیلڈ ٹیموں کو مکمل تیاری کا حکم
برساتی نالوں اور ڈرینز کی مانیٹرنگ ،پانی کی فوری نکاسی کی جائے وزیر تعلیم کوہر ہفتے ایک سکول میں خود کلاس لینے کی ہدایت
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور فیلڈ افسروں کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے فیلڈ ٹیموں بشمول واسا، پی ڈی ایم اے ، ریسکیو 1122، محکمہ آبپاشی اور ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو مکمل طور پر متحرک رکھنے ، نشیبی علاقوں اور چوکنگ پوائنٹس سے پانی کی فوری نکاسی، برساتی نالوں اور ڈرینز کی مسلسل نگرانی، شہری و دیہی علاقوں میں مین ہولز پر ڈھکن یقینی بنانے اور تعمیراتی مقامات پر حفاظتی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے سیف سٹی اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کو بھی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوام کی رہنمائی کیلئے مکمل الرٹ رہنے کا حکم دیا۔دریں اثنا مریم نواز نے سکول ایجوکیشن سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو ہر ہفتے ایک سرکاری سکول میں خود کلاس لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پرائیویٹ سکولوں اور ٹیوشن سنٹرز کی رجسٹریشن کیلئے ڈیجیٹل نظام اور میپنگ کا جامع طریقہ کار مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری سکولوں میں گزشتہ دو سال چار ماہ کے دوران 43 لاکھ طلبہ کی انرولمنٹ کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ پیف اساتذہ کی تنخواہوں کیلئے ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام نافذ کرتے ہوئے ایک لاکھ 38 ہزار اساتذہ کے بینک اکاؤنٹس کھولے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے اختراعی ذرائع آمدن کیلئے جامع منصوبہ بھی طلب کر لیا۔عالمی یومِ امید کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ امید انسان کو آگے بڑھنے کی قوت فراہم کرتی ہے اور مشکلات کے باوجود امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے ،مسلم لیگ ن عوام کی امید بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے دن رات کوشاں ہے اور صحت، تعلیم، رہائش اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ملالہ یوسفزئی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے ملالہ یوسفزئی کی تعلیم کے فروغ کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی بیٹی اور دنیا میں علم و امن کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم کیلئے ملالہ کی جدوجہد نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ ہے اور پنجاب میں بیٹیوں کی تعلیم، حقوق اور فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ممتاز کارٹونسٹ شوکت محمود میکسم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی اور کہا کہ شوکت محمود میکسم نے بصری و تصویری صحافت اور اسلامی فن تعمیر میں نمایاں خدمات انجام دے کر ایک منفرد مقام حاصل کیا۔