مزاروں کے نذرانوں میں غبن، محکمہ اوقاف کے افسروں، ملازموں کو ریکوری نوٹس جاری
داتا دربار ، میاں میر، بی بی پاک دامن، دربار بلھے شاہ اوراوکاڑہ کرپشن کیسز میں عدم برداشت پالیسی کے تحت کارروائی اپیلیٹ اتھارٹی کے روبرو دائرکی گئی اپیلوں کو مروجہ قوانین اور قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹایا جائے گا:محکمہ اوقاف پنجاب
لاہور (سیاسی نمائندہ)محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے کرپشن، مالی بے ضابطگیوں اور مزارات کے نذرانوں و غلّے کی رقم میں مبینہ خرد برد کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی کے تحت سخت کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افسروں اور ملازمین کو کروڑوں روپے مالیت کی ریکوری کے حتمی نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔محکمہ اوقاف کے مطابق یہ احتسابی عمل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ’’کرپشن سے پاک پنجاب‘‘کے وژن اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی خصوصی ہدایات کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا بلاامتیاز محاسبہ کیا جا سکے ۔دربار حضرت داتا گنج بخشؒ لاہور کے سابق منیجر اوقاف (برخاست شدہ)طاہر مقصود کو عرس مبارک کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں اور داتا دربار کیش ریکوری کی مد میں ایک کروڑ 13 لاکھ 24 ہزار 867 روپے اور 18 لاکھ 71 ہزار 591 روپے کی ریکوری کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
سابق ایڈمنسٹریٹر اوقاف شیخ جمیل احمد جو اس وقت دفتر سرگودھا زون میں جونیئر سکیل سٹینوگرافر کے طور پر تعینات ہیں، کو 92 لاکھ 65 ہزار 800 روپے اور 28 لاکھ 7 ہزار 386 روپے کی ریکوری کے نوٹسز بھجوائے گئے ہیں۔مرکزِ معارفِ اولیاء میاں میر لاہور کے سابق ریسرچ اسسٹنٹ حافظ جاوید شوکت کو عرس مبارک اور عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے باعث 43 لاکھ 18 ہزار 851 روپے اور 21 لاکھ 3 ہزار 265 روپے کی ریکوری کا سامنا ہے ۔اوکاڑہ کرپشن کیس میں ملوث سابق منیجر اوقاف (برخاست شدہ)شفقت عباس کو 12 لاکھ 4 ہزار 780 روپے اور 35 لاکھ 28 ہزار 181 روپے کی ریکوری کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں جبکہ سابق رینٹ کلرک اور موجودہ جونیئر کلرک زوار حسین کو 12 لاکھ 4 ہزار 780 روپے کی ادائیگی کا حکم دیا گیا ہے ۔
اسی کیس کے ایک اور ملزم سابق سینئر کلرک (برخاست شدہ)عامر ستار کو دو مختلف فیصلوں کے تحت 36 لاکھ 14 ہزار 341 روپے اور 71 لاکھ 11 ہزار 281 روپے کی ریکوری کی سزا سنائی گئی ہے ۔دربار حضرت بی بی پاک دامنؒ کے غلّے میں مبینہ کرپشن کے مقدمے میں سابق منیجر اوقاف اور موجودہ آڈٹ آفیسر زاہد اقبال کو 53 لاکھ 86 ہزار 764 روپے کی ریکوری کا نوٹس جاری کیا گیا ہے جبکہ دربار حضرت بابا بلھے شاہؒ کے نذرانوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے کیس میں سابق منیجر اوقاف اور موجودہ کمپیوٹر آپریٹر طارق محمود نجمی کو 13 لاکھ 18 ہزار 955 روپے فوری طور پر سنٹرل اوقاف فنڈ میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔محکمہ اوقاف کے مطابق تمام متعلقہ افسروں اور اہلکاروں نے چیف سیکرٹری پنجاب، بطور اپیلیٹ اتھارٹی کے روبرو اپیلیں دائر کر رکھی ہیں جنہیں مروجہ قوانین اور قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments