او آئی سی کانفرنس اختتام پذیر،خواتین کوبااختیار بنانے کا عزم

 او آئی سی کانفرنس اختتام پذیر،خواتین کوبااختیار بنانے کا عزم

پاکستان نے دو سال کیلئے او آئی سی وزارتی کانفرنس خواتین کی سربراہی سنبھال لی خواتین کو ترقی کے عمل میں مکمل شامل کیا جائیگا ،اعظم نذیر و دیگر کی پریس کانفرنس

  اسلام آباد (وقائع نگار، اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم کی دو روزہ 9 ویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ پاکستان نے آئندہ دو سال کے لئے او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی سربراہی سنبھال لی۔ کانفرنس میں خواتین کے معاشی استحکام، ڈیجیٹل شمولیت، تعلیم، قیادت، کاروباری مواقع اور فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت سمیت اہم امور پر غور کیا گیا جبکہ او آئی سی کے رکن ممالک کی جانب سے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

کانفرنس کے اختتام پر او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل طارق علی بخیت، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کانفرنس کی سربراہی باضابطہ طور پر پاکستان کے حوالے کر دی گئی جو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے پاکستان پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اختتامی اجلاس میں کانفرنس کی مشاورت کے نتائج کی منظوری دی گئی جس میں رکن ممالک نے مسلم دنیا میں خواتین کے معاشی، سیاسی اور سماجی اختیارات میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کو ترقی کے عمل میں مکمل طور پر شامل کیا جائے گا تاکہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ متوازن، خوشحال اور جامع معاشروں کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

رکن ممالک نے عزم کیا ہے کہ خواتین کو جدید مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔قبل ازیں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ خواتین کی ترقی مسلم دنیا کی خوشحالی کی ضمانت ہے ۔ہر خاتون اور بچی کو تعلیم، ترقی اور قیادت کے یکساں مواقع ملنے چاہیے ۔ او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے انسانی، ثقافتی اور سماجی امورڈاکٹر طارق علی بقیت نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلی، غربت اور خواتین و بچیوں کے خلاف ہر قسم کے بڑھتے ہوئے تشدد، خصوصا ڈیجیٹل تشددکی تشویشناک صورتحال کا بھی موثر انداز میں مقابلہ کرنا ہوگا ۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خواتین کا بااختیار ہونا پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...