حجاج کی بکھری رہائشیں، غیر معیاری خوراک ، کمیٹی کا اظہار تشویش

 حجاج کی بکھری رہائشیں، غیر معیاری خوراک ، کمیٹی کا اظہار تشویش

واپسی کی پروازوں میں بدانتظامی رہی:ارکان، حجاج کو بہتر سہولیات فراہم کیں:سردار یوسف رہائش کی شفاف تقسیم، ڈیجیٹل نگرانی،نئی حج پالیسی پہلے کمیٹی میں پیش کرنے کی سفارش

 اسلام آباد (سید قیصر شاہ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے حج 2027 کی تیاریوں پر تفصیلی غور کیا۔ کمیٹی ارکان نے حجاج کی رہائش مختلف مقامات پر ہونے ، غیر معیاری کیٹرنگ اور واپسی کی پروازوں میں بدانتظامی پر تشویش کا اظہار کیا۔ بلیک لسٹ کیٹرنگ کمپنیوں کی جانب سے غیر معیاری خوراک فراہم کی گئی اور واپسی کی پروازوں میں بدانتظامی کے باعث سوشل میڈیا پر شدید تنقید ہوئی ۔کمیٹی نے سفارش کی کہ رہائش اور کیمپوں کی بروقت خریداری کے لیے مؤثر حج پروکیورمنٹ کمیٹی قائم کی جائے ، رہائش کی شفاف تقسیم، ڈیجیٹل نگرانی اور شکایات کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے ، جبکہ نئی حج پالیسی منظوری سے قبل قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے۔

اجلاس کمیٹی کی چیئرپرسن شفقتہ جمانی کی زیر صدارت ہوا۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمدیوسف نے بریفنگ میں بتایا کہ حج 2026 کامیابی سے مکمل ہوا، وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی سے حجاج کو بہتر سہولیات فراہم کی گئیں اور گزشتہ برسوں کے مقابلے میں شکایات میں نمایاں کمی آئی۔ انہوں نے بتایا کہ حج 2027 کے لیے تین لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جو سرکاری حج سکیم پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہیں۔ڈی جی حج (جدہ) نے بتایا کہ رواں سال تقریباً ایک لاکھ 19 ہزار پاکستانیوں نے سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کیا جبکہ پاکستانی حج مشن کو مسلسل دوسرے سال سعودی عرب کی جانب سے لبیتم ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جدید ڈیجیٹل نظام اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ سے انتظامات میں بہتری اور شکایات میں کمی آئی۔

کمیٹی نے مجموعی حج انتظامات کو سراہتے ہوئے رہائش، ٹرانسپورٹ، کیٹرنگ اور خریداری کے نظام میں مزید بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں اربعین کے موقع پر نجف اشرف جانے والے زائرین کے فضائی کرایوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ چیئرپرسن نے کہا کہ بعض بین الاقوامی ایئرلائنز قومی ایئرلائن کے مقابلے میں فی مسافر تقریباً ایک لاکھ روپے کم کرایہ وصول کر رہی ہیں۔ انہوں نے وزارت کو ہدایت کی کہ متعلقہ وزارت اور قومی ایئرلائن کے ساتھ رابطہ کر کے زائرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ اقلیتی ارکان کے ترقیاتی فنڈز میں اضافے کی سفارش بھی کی گئی جبکہ وزارت کو ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ اور اقلیتی ترقیاتی فنڈ پر جامع بریفنگ دینے کی ہدایت کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...