عوام دوست نظام انصاف کیلئے اداروں کا تعاون نا گزیر : چیف جسٹس
عدلیہ کا جاری اصلاحاتی ایجنڈا موثر نظام انصاف کے قیام پر مرکوز ہے :یحییٰ آفریدی
اسلام آباد (اے پی پی) چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے موثر عدالتی انتظام، پیشہ ورانہ استعدادِ کار اور عوام کو بہتر عدالتی خدمات کی فراہمی کیلئے ادارہ جاتی تعاون اور بہترین طریقہ کار کا تبادلہ ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کا جاری اصلاحاتی ایجنڈا عوام مرکز، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ، شفاف اور موثر نظام انصاف کے قیام پر مرکوز ہے ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے افسران کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جو ادارہ جاتی استعداد کار اور تجربات تبادلہ کے پروگرام کے تحت سپریم کورٹ پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہے ۔
وفد کو جاری اصلاحاتی ایجنڈے ، انتظامی اور عدالتی امور، ای فائلنگ، ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت، ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم، نیشنل جوڈیشل اینالیٹکس ڈیش بورڈ، عوام سہولت مرکز اور دیگر اصلاحات سے آگاہ کیا گیا۔ وفد نے سہولت مرکز، میوزیم اور آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کا دورہ کیا اور عدالتی اصلاحات و تکنیکی اقدامات کو سراہا اور ڈیجیٹل نقول کے اجرا، کیس مینجمنٹ سمیت عدالتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون کی پیشکش کی۔ دونوں اداروں نے موثر، قابل رسائی اور عوام دوست نظام انصاف کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments