یومیہ بنیادوں پر نئی قیمتیں ، پٹرول 4.93، ڈیزل 7.15روپے لٹر مہنگا: حکومت سے مذاکرات ناکام، پٹرول پمپس کی آج رات سے ہڑتال

 یومیہ بنیادوں پر نئی قیمتیں ، پٹرول 4.93، ڈیزل 7.15روپے لٹر مہنگا: حکومت سے مذاکرات ناکام، پٹرول پمپس کی آج رات سے ہڑتال

پٹرول کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے ،ڈیزل کی 367 روپے 21 پیسے لٹر مقرر،مٹی کا تیل6روپے 78پیسے مہنگا،اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا مطالبات کی منظور ی تک ہڑتال رہیگی:پمپ مالکان،ریٹیلرز نے فیصلے کی حمایت کر دی،ڈیلرز ایسوسی ایشن کا صورتحال پر غور کیلئے آج کراچی میں اجلاس طلب

 اسلام آباد (دنیا نیوز)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج بدھ کیلئے اضافہ کردیا ۔ قیمتوں کے یومیہ تعین کا نظام نافذ ہونے کے بعد دوسرے روز پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے ہو گئی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل 7 روپے 15 پیسے لٹر مہنگا کیا گیا جس کے بعد اسکی فی لٹر قیمت 367 روپے 21 پیسے تک جا پہنچی جبکہ مٹی کا تیل 6 روپے 78 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 289 روپے 37 پیسے ہو گئی ،نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے 22 جولائی کیلئے ہوگا۔

کراچی،،اسلام آباد (کامرس رپورٹر، مانیٹرنگ  ڈیسک)آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ رد و بدل کے معاملے پر حکومت سے مذاکرات ناکام ، آج 22 جولائی کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت تک  پٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کر دیا، ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی حمایت کر دی جبکہ دوسری طرف پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے صورتحال پر غور کیلئے آج ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس کراچی میں طلب کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ مذاکرات میں پمپ مالکان کے منافع میں اضافے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کے نظام سمیت دیگر معاملات پر اتفاق رائے نہیں ہو سکاجس کے باعث ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ۔ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ موجودہ مارجن کے ساتھ پٹرول پمپ چلانا معاشی طور پر ممکن نہیں رہا ، پٹرولیم مصنوعات کی روزانہ بنیاد پر قیمتوں میں ردوبدل سے ڈیلرز کو بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے ،حکومت جائز تحفظات دور کرتے ہوئے قابلِ قبول اور مثبت فیصلہ کرے ۔

آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہمایوں خان نے گفتگو کرتے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں آدھا تیتر اور آدھا بٹیروالی کہانی ہے ،حکومت عوام سے جان چھڑانے کیلئے انہیں بے وقوف بنا رہی ، آج رات 12 بجے سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں ۔ آل پاکستان پٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعمان بٹ نے جاری ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام پٹرول پمپ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہڑتال میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے پٹرول پمپ مکمل طور پر بند رکھیں ،جب تک حکومت مطالبات تسلیم نہیں کرتی اس وقت تک ملک گیر ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔ مزید برآں آل پاکستان پٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما شعیب خان نے ہڑتال کی حمایت کا باضابطہ اعلان کرتے کہا ہے کہ حکومت جائز مطالبات پر مثبت فیصلے کرے ، جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوں گے تب تک پمپ بند رہیں گے ۔ ادھر پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے طلب کردہ آج کے اہم اجلاس میں حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات، ڈیلرز کے مطالبات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا،جس کے بعد پریس کانفرنس میں اہم فیصلوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کے سامنے تین بنیادی مطالبات رکھے ۔ پہلا مطالبہ یہ کہ پٹرولیم ڈیلرز کا موجودہ منافع (پرافٹ مارجن)8 روپے 64 پیسے فی لٹر سے بڑھا کر 24 روپے فی لٹر کیا جائے جو تقریباً دو سال سے زیر التواء ہے ۔دوسرے مطالبے میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پٹرول پمپس پر نافذ کوٹہ سسٹم کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ تیسرے مطالبے میں حکومت سے کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ بنیادوں پر ردوبدل کرنے کے بجائے انہیں ہفتہ وار یا پندرہ روزہ بنیاد پر مقرر کیا جائے تاکہ مارکیٹ میں استحکام برقرار رہے اور ڈیلرز کو مالی نقصانات سے بچایا جا سکے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم اور چیئرمین اوگرا نے ڈیلرز کے تینوں مطالبات پر غور کیلئے سات روز کی مہلت طلب کی اوریقین دہانی کرائی کہ ڈیلرز کے تحفظات کا جائزہ لے کر قابلِ عمل حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی ۔ دوسری جانب ہڑتال کے اعلان کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں شہریوں نے ممکنہ ایندھن کی قلت کے خدشے کے پیش نظر پٹرول پمپس کا رخ کرنا شروع کر دیا جبکہ کاروباری اور ٹرانسپورٹ حلقوں نے حکومت اور پٹرول پمپ مالکان سے فوری مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنے پر زور دیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...