عالمی چیمپئن سپین نے ارجنٹینا سے پہلی پوزیشن بھی چھین لی

عالمی چیمپئن سپین نے ارجنٹینا سے پہلی پوزیشن بھی چھین لی

ارجنٹینا ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلی گئی،فرانس تیسرے ، انگلینڈ چوتھے ، برازیل پانچویں،مراکش چھٹے ،پرتگال ساتویں نمبرپر موجود

لاہور(سپورٹس ڈیسک )ورلڈ کپ 2026ء کے بعد فیفا نے نئی رینکنگ جاری کردی، عالمی چیمپئن سپین نے ارجنٹینا سے پہلی پوزیشن بھی چھین لی۔نئی رینکنگ کے مطابق سپین ایک درجے ترقی کے بعد پہلی پوزیشن پر آگیا جبکہ ارجنٹینا ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلی گئی۔فیفا کے مطابق فرانس تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے ، برازیل اور مراکش کی ٹیمیں ایک، ایک درجہ ترقی پا کر بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر آگئیں۔پرتگال 2 درجہ تنزلی کے بعد 7 ویں نمبر پر چلی گئی، میکسیکو ورلڈ کپ میں شاندار پرفارمنس کے بعد 4 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئی۔ ناروے کی ٹیم لمبی چھلانگ لگانے کے بعد 12 درجے ترقی پا کر 19 ویں نمبر پر آگئی ہے۔

دوسری جانب جرمنی ٹاپ ٹین سے باہر ہو کر 12ویں نمبر پر آگیا جبکہ کروشیا 13ویں اور ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کرنے والی اٹلی کی ٹیم 15ویں پوزیشن پر چلی گئی۔افریقی ٹیموں میں تیونس کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا اور وہ 12 درجے تنزلی کے بعد 57ویں نمبر پر آگئی جبکہ مصر پانچ درجے ترقی کرکے 24ویں اور پیراگوئے سات درجے بہتری کے ساتھ 34ویں نمبر پر پہنچ گیا۔ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 تک رسائی حاصل کرنے والے کیپ وردے نے تین درجے ترقی کرتے ہوئے 64ویں پوزیشن حاصل کی جبکہ گھانا آٹھ درجے بہتری کے بعد 65ویں نمبر پر آ گیا۔ فیفا کی نئی عالمی درجہ بندی میں ایران کا 22 واں ، بھارت 138 ویں اور ایتھوپیا کا 143 واں نمبر ہے ۔ افغانستان کا 177واں ، بنگلہ دیش 181اور سری لنکا 187 نمبر پر ہے ، فیفا کے 210 ملکوں میں پاکستان کا 199 واں نمبر ہے ۔ سب سے آخری نمبر پر دنیا کے قدیم ترین جمہوری ممالک میں سے ایک اور یورپ کا انتہائی چھوٹا ملک سان مرینو ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...