کیا خلع لینے پر حق مہر چھوڑنے کی قدغن لگ سکتی؟ شریعت اپیلٹ بینچ

 کیا خلع لینے پر حق مہر چھوڑنے کی قدغن لگ سکتی؟ شریعت اپیلٹ بینچ

بعض گروہ امیر افراد سے شادی کے بعد مختصر عرصے میں خلع لے لیتے :جسٹس ملک شہزاد قرآن پاک میں ہے عورت ضرورت پڑنے پر کچھ دے کر علیحدگی اختیار کر سکتی:ریمارکس کیا لفظ "کچھ"کی تشریح کیلئے کوئی معیار مقرر کیا جا سکتا، جسٹس مندوخیل،دوعدالتی معاون مقرر

 اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ کے شریعت اپیلٹ بینچ نے خلع کے وقت خاتون کو نصف حق مہر واپس کرنے سے متعلق اہم مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق سربراہ شعبہ تحقیق ڈاکٹر انعام اللہ اور سینئر ایڈووکیٹ ڈاکٹر بابر اعوان کو عدالتی معاون مقرر کر دیا، جبکہ مزید سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی۔جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں پانچ رکنی شریعت اپیلٹ بینچ نے سماعت کی۔بابر اعوان نے جسٹس ڈاکٹر خالد مسعود کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گڈ ٹو سی یو۔ جسٹس جمال مندوخیل نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کیا باقی ججز کو دیکھ کر اچھا نہیں لگا؟ بابر اعوان نے جواب دیا کہ سب کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔جسٹس ملک شہزاد احمد کے گڈ ٹو سی یو کہنے پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔ جسٹس ملک شہزاد احمد نے ریمارکس دیئے کہ اصل سوال یہ ہے کہ کیا خلع لینے کی صورت میں خاتون پر حق مہر چھوڑنے کی کوئی قدغن عائد کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا وفاقی شرعی عدالت قرار دے چکی ہے کہ عورت پر نصف حق مہر واپس کرنے کی لازمی شرط عائد نہیں کی جا سکتی جبکہ قرآن پاک میں یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ عورت ضرورت پڑنے پر کچھ دے کر علیحدگی اختیار کر سکتی ہے ۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے مؤقف اختیار کیا کہ اردو میں لفظ کچھ سے مراد جزو بھی ہو سکتا ہے ، اس اہم نکتے کی عدالتی تشریح ضروری ہے ۔ جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا لفظ "کچھ" کی تشریح کیلئے کوئی معیار مقرر کیا جا سکتا ہے ، جسٹس ڈاکٹر خالد مسعود نے کہا یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ قرآن پاک میں اس لفظ کی تفسیر کیا بیان کی گئی ہے ،بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ جزوی یا مکمل حق مہر کی واپسی کے معاملے پر متعدد خواتین کا استحصال کیا جاتا ہے ۔جسٹس ملک شہزاد احمد نے ریمارکس دیئے کہ بعض اوقات استحصال دونوں طرف سے ہوتا ہے اور بعض گروہ امیر افراد سے شادی کے بعد مختصر عرصے میں خلع لے لیتے ہیں۔ بعد ازاں سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...