ٹانک میں چیک پوسٹ پر حملہ سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بنادیئے:12دہشتگرد ہلاک،12فوجیوں سمیت15شہید
جوانوں نے غیرمعمولی جرات، پیشہ ورانہ مہارت سے مقابلہ کیا، شدید دباؤ کا شکار حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی جس سے دھماکاہوا،شہدا میں پولیس کے 2،جنگلات کا ایک اہلکاربھی شامل مستونگ ،بنوں میں فورسز کے آپریشنز، 4 ،4دہشتگرد مارے گئے ،کوہاٹ ٹول پلازہ کے قریب ایکسائز اہلکاروں پر حملہ،کسٹمز انفورسمنٹ سکواڈکے اے ایس آئی سمیت 2اہلکار شہید،صدر، وزیراعظم کی مذمت
راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں چیک پوسٹ پر حملہ، سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بناتے ہوئے 12 دہشتگرد ہلاک کردئیے ، اس دوران بارود سے بھری گاڑی پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرانے کے نتیجے میں دھماکے سے 12 فوجیوں سمیت 15 شہید ہوگئے ۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے ٹانک میں جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا ،تاہم سکیورٹی فورسزکی بروقت اور مؤثر کارروائی نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دئیے ۔جوانوں نے غیرمعمولی جرات، پیشہ ورانہ مہارت سے فرار ہونے والے 12خوارج کو ہلاک کردیا۔ شدید دباؤ کا شکار حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے کے باعث چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں وطن کے 15 بہادر سپوت شہید ہوگئے ، شہدا میں 12 فوجی جوان،2 پولیس اہلکار اورمحکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکارشامل ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا علاقے میں مزید کسی بھی دہشتگرد کی موجودگی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، دہشتگردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی، بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
ہمارے بہادرشہدا کی عظیم قربانیاں وطن کے دفاع، قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کومزید مضبوط کرتی ہیں۔ دریں اثنا بنوں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے پہاڑی سلسلہ تلگئی میں مشترکہ آپریشن کے دوران4 دہشت گرد ہلاک اور 5 مشتبہ افراد گرفتار کر لئے ،فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہلکار ایس ایچ او تھانہ بسیہ خیل راشد خان اور کانسٹیبل واجد خان زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوف، ایک رائفل اور دیگر اسلحہ و سامان برآمد کر لیا گیا۔ادھر سکیورٹی فورسز نے آپریشن العزم کے تحت بلوچستان میں مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک کردئیے ،ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ، جبکہ زیر استعمال موٹرسائیکلیں بھی ضبط کرلی گئیں۔مزید برآں خیبرپختونخوا کے کوہاٹ ٹول پلازہ کے قریب دہشت گردوں نے ایکسائز اہلکاروں پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں کسٹمز انفورسمنٹ سکواڈ کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی )ساجد الاسلام اور سپاہی جواد شہید ہوگئے ، جبکہ کسٹمز کا ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر نشان عبرت بنایا جائے ،دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ،شرپسند عناصر کو کسی صورت ملک کا امن تباہ کرنے نہیں دیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments