دہشتگردی کے پیچھے بھارت ،مل کراس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہوگا:شہباز شریف

دہشتگردی  کے  پیچھے  بھارت ،مل  کراس  چیلنج  کا  مقابلہ  کرنا  ہوگا:شہباز  شریف

افغان رجیم دہشت گرد تنظیموں کیخلاف کارروائی میں ناکام،ترقی کیلئے چاروں صوبوں کی یکساں کاوشیں ناگزیر؍:بلوچستان نیشنل ورکشاپ سے خطاب سکائی 47 ناقابل تسخیر سکیورٹی فراہم کریگا:وزیراعظم ، فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ ملک کے سب سے بڑے ڈیٹا سنٹر ،اے آئی کلاؤڈ کا افتتاح

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ملک میں دہشت گردی کے پیچھے بھار ت کا ہاتھ ہے ، اس چیلنج سے ہمیں مل کر نمٹنا ہوگا، افغانستان کوسمجھانے کی کوشش کی ہے کہ وہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے ، افغان عبوری حکومت دہشت گرد تنظیموں کیخلاف کارروائی میں ناکام رہی، وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گی،ترقی کیلئے چاروں صوبوں کی یکساں کاوشیں ناگزیر؍ ہیں، تمام صوبے مساوی ترقی کریں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’بلوچستان نیشنل ورکشاپ‘‘ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا بلوچستان کی صورتحال ا س حوالے سے مختلف ہے ، فاصلے شہروں ،دیہات اور قصبوں کے درمیان بہت زیادہ ہیں ، دور دراز علاقوں کی ترقی کیلئے طویل فاصلوں کے باعث وسائل نسبتاً زیادہ چاہئیں ،2010میں این ایف سی ایوارڈ میں اس معاملے کو تسلیم کیا گیا اور باقی تین صوبوں بالخصوص پنجاب نے ملکر رضا کارانہ طور پر بلوچستان کا مالی حق 100فیصد بڑھانے کے مطالبے کو پورا کیا اور اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالا، پنجاب نے 11 ارب روپے سالانہ دئیے ۔

وزیراعظم نے کہا یہ کوئی احسان نہیں تھا بلکہ بھائی چارے کی ایک عظیم مثال تھی ، دکھ سکھ بانٹنے کے جذبے کا مظاہرہ کیا گیا ، پنجاب 2010 سے اب تک 150 ارب روپے اس سلسلے میں فراہم کرچکا ہے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے ، بلوچستان میں کسانوں کو کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش کا سامنا تھا، ان کے اور بھی مسائل تھے جن کو حل کرنے کیلئے تقریباً 27 ہزار ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا،75 ارب روپے کے اس منصوبے میں 50ارب روپے وفاق نے فراہم کئے ، اسی طرح کراچی سے چمن تک این 25 جسے خونیں سڑک کہا جاتا تھا اور روزانہ حادثات ہوتے ہیں ، اس دیرینہ مطالبے کو پوراکرنے کیلئے گزشتہ برس تیل کی قیمت میں کمی کی مد میں جمع ہونے والی رقم سے کراچی سے چمن تک دو رویہ سڑک بنانے کا فیصلہ کیا، 300 ارب روپے کا یہ منصوبہ اگلے ڈیڑھ دو سال میں مکمل ہوگاتو اس خونیں سڑک کو امن کی سڑک قرار دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا سیشن جج عبدالحکیم اور ان کے ساتھ ایک اہلکار نے جام شہادت نوش کیا ، ملک کی حفاظت کیلئے عوام کے ساتھ ساتھ افواج پاکستان اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسر اور جوان قربانیاں دے رہے ہیں ، اب تک دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں 90 ہزار پاکستانی شہید ہوچکے ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے اور وہ وسائل فراہم کررہا ہے ، اس میں اور بھی عوامل شامل ہیں ،18-2017میں ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگیا تھا لیکن اس کے بعد دہشت گردی نے پھر سر اٹھایا، ایک انتہائی منظم سازش کے ساتھ دہشت گردی دوبارہ لوٹ آئی ، دہشت گردی ہمارے لئے ایک چیلنج ہے ، ہم سب نے ملکر اس کا مقابلہ کرنا ہے ۔ حالیہ دنوں میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عظیم کامیابیاں عطا کی ہیں ۔ معرکہ حق میں بھارت کو چار دنوں میں شکست فاش ہوئی ،اسی طرح سفارتکاری کے ذریعے پاکستان نے خطے میں امن کی بحالی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا، اس سے دنیا میں پاکستان کو بہت عزت ملی ہے ،یہ عزت اور وقار دشمن کو ہضم نہیں ہورہا، وقت آگیا ہے کہ ملک کو معاشی ترقی کی دوڑ میں آگے لے کر جائیں ، مواقع سے فائدہ اٹھا کر ہمیں چاروں صوبوں میں ترقی اور خوشحالی لانا ہوگی، اس کے لئے ہمیں دن رات مل کر انتھک محنت کرنا پڑے گی ۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے ڈیٹا سنٹر اور اے آئی کلاؤڈ سکائی 47 قراقرم ون کا افتتاح کر دیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحرک، ترقی پسند اور شاندار مستقبل کیلئے سکائی 47 منصوبہ انتہائی اہم پیش رفت ہے ،مشکلات اور چیلنجز کا امید اور حوصلے سے مقابلہ کریں تو معرکہ حق جیسے تاریخی کارنامے جنم لیتے ہیں،یہ منصوبہ پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے اور ملک کو ناقابل تسخیر سکیورٹی فراہم کرے گا،متحد ہو کر کام کریں تو کوئی بھی ہدف ناقابل حصول نہیں۔سکائی 47 جیسے عظیم منصوبے پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہیں ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت، شراکت دار زیڈ ٹی ای،وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بھرپور حمایت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...