پہلا ٹیسٹ آج، قومی ٹیم کا 7 بیٹرز کیساتھ کھیلنے کا منصوبہ
سلمان آغا پانچویں بولر کے طور پر استعمال ہونگے ،عامر جمال،عباس بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ،سپنر علی عثمان کے ڈیبیو کا امکان خرم شہزاد اور محمد علی میں سے ایک فاسٹ بولر کھیلے گا ،پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دینے سے قبل فِٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا
جمیکا (سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے دورہ ویسٹ انڈیز میں پہلے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون پر ابتدائی مشاورت شروع کر دی۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم مینجمنٹ 7 سپیشلسٹ بیٹرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ اذان اویس، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم اور محمدرضوان پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق سلمان علی آغا بھی پلیئنگ الیون کاحصہ ہوں گے اور پانچویں بولر کے طور پر استعمال ہوں گے جبکہ عامر جمال اور محمد عباس بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے ۔لیفٹ آرم سپیشلسٹ سپنر علی عثمان کے ٹیسٹ ڈیبیو کا قوی امکان ہے جبکہ خرم شہزاد اور محمد علی میں سے ایک فاسٹ بولر پلیئنگ الیون کا حصہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم مینجمنٹ نے بولرز کو اپنی بیٹنگ پر بھی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے ، جبکہ پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دینے سے قبل کھلاڑیوں کی فِٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق برائن لارا کرکٹ اکیڈمی ٹرینیڈاڈ میں گھاس والی پِچ تیار کی جا رہی ہے اور کیوریٹرز کی جانب سے پچ کو ہری گھاس کے بجائے بھوری گھاس سے ڈھانپا گیا ہے ۔خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ آج ہفتہ سے شروع ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments