تحریک چلنے لگی ، ڈی چوک نہیں اڈیالہ جائینگے :علیمہ

تحریک چلنے لگی ، ڈی چوک نہیں اڈیالہ جائینگے :علیمہ

محض نعرے بازی کا وقت گزر چکا ،اب ہم ان کو گولیاں نہیں چلانے دیں گے بچوں کی شہادتیں نہیں ہونے دینگے ، اکٹھے کھڑے ہونا ہے :مردان میں خطاب

مردان(آئی این پی )بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ تحریک چلنے لگی ہے اب محض نعرے بازی کا وقت گزر چکا ہے اور تمام ورکرز اور قیادت کو متحد ہونا ہوگا،اب احتجاج کا رخ ڈی چوک کی طرف نہیں بلکہ اڈیالہ جیل کی طرف ہوگا، جہاں عمران خان قید ہیں، پارٹی کارکن ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے کے بجائے باہمی صفوں میں اتحاد پیدا کریں کیونکہ مخالفین اور دشمن قوتیں یہی چاہتی ہیں کہ تحریک انصاف کی تنظیم آپس کے اختلافات  کا شکار رہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مردان میں پی ٹی آئی ورکرز سے خطاب کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کا یہ گلہ کہ لوگ سڑکوں پر نہیں نکل رہے ، تبھی ختم ہو سکتا ہے جب تنظیم سازی مضبوط ہو، اگر پارٹی میں اتحاد قائم ہوگا تو ہی لانگ مارچ  کامیاب ہو سکے گا، لانگ مارچ اور تحریک کی کامیابی کا انحصار مکمل طور پر تنظیمی یکجہتی پر ہے ، ورکرز اپنے منتخب نمائندوں کے پاس جائیں، ان سے رابطہ مضبوط کریں اور بتائیں کہ عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں تا کہ کسی قسم کی بدگمانی کا خاتمہ ہو سکے ۔ عمران خان چاہتا ہے کہ عوام کسی شخصیت کے لیے نہیں بلکہ اپنے بنیادی حقوق اور ملک میں قائم ظلم و ناانصافی کے نظام کے خلاف آواز بلند کریں۔ علیمہ خان نے کہا کہ 26 نومبر کو جو افسوسناک واقعات پیش آئے ، اب ان کا اعادہ کسی صورت نہیں ہونے دیا جائے گا، اب اپنے بچوں کی شہادتیں ہوں گی اور نہ ہی بے گناہ لوگوں پر گولیاں چلانے کا موقع دیا جائے گا، عمران خان کو جیل میں قید ہوئے تین سال بیت چکے ہیں، گزشتہ نو ماہ سے انہیں شدید تنہائی کی قید میں رکھا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...