کالعدم ایکشن کمیٹی کو قوم کو جواب دینا ہوگا :عطا تارڑ
اسلحہ،ڈنڈوں کے زور پر چلائی کسی بھی تحریک کا کشمیر کاز سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم،گرفتار ملزم کے ایکشن کمیٹی ، بھارت روابط سامنے آئے
اسلام آباد(دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے ویڈیو بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر منظم انداز میں ایسی پوسٹس اور مواد پھیلایا جاتا رہا جن کا مقصد عوام کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانا اور ملک میں بداعتمادی کی فضا پیدا کرنا تھا ، کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ شرپسند عناصر کو اپنے طرزِ عمل پر پوری قوم کو جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک پاکستان مخالف سوشل میڈیا پروپیگنڈا نیٹ ورک بے نقاب ہو ا ، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بھارت سے روابط کے ثبوت سامنے آئے ہیں ،وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر کالعدم ایکشن کمیٹی کے رہنما واقعی کشمیر کے مفادات سے مخلص ہیں تو انہیں جمہوری عمل کا حصہ بنتے ہوئے انتخابات میں حصہ لینا چا ہئے کیونکہ ا سلحہ اور ڈنڈوں کے زور پر چلائی جانے والی کسی بھی تحریک کا کشمیر کاز سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی آڑ میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم کا حصہ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ شخص کو بھارت سے مواد فراہم کیا جا رہا تھا جس کا زیادہ تر تعلق کالعدم ایکشن کمیٹی سے متعلق سوشل میڈیا مہم اور مخصوص بیانیے کو فروغ دینے سے تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments