کشمیری ن لیگ کو ووٹ دیکر ترقی کے سفر کو منتخب کرینگے :احسن اقبال
نارووال (این این آئی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سائنس و ٹیکنالوجی مستقبل کی معیشت کا تعین کریں گی، اگلے دس سال قوموں کی ترقی کا فیصلہ کن دور ہوگا۔ اسلامیہ ڈگری کالج کی بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلز سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ہم نوجوانوں کو کٹے اور کٹیاں نہیں دیں گے ، ہم نوجوانوں کو جدید تعلیم، لیپ ٹاپ اور سکلز دیں گے ، مصنوعی ذہانت دنیا میں غیر معمولی تبدیلیاں لانے جا رہی ہے ،سائنس اور تحقیق میں سرمایہ کاری مستقبل کو محفوظ بنائے گی، آئندہ دہائی میں سائنسی ترقی قومی بقا ء کے لیے ناگزیر ہے ، مستقبل محفوظ بنانا ہے تو سائنس اور ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی۔قبل ازیں احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن)ملک میں ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی سائنس سے بخوبی واقف ہے ،آزاد کشمیر کے عوام آئندہ انتخابات میں (ن)لیگ کو ووٹ دے کر درحقیقت ترقی کے سفر کو منتخب کریں گے ۔ آج ہر صوبہ پنجاب جیسی مثالی ترقی کا خواہشمند ہے ،کشمیر اور سندھ کے عوام واضح فرق دیکھ رہے ہیں ،ایک طرف کراچی اور پشاور کا ماڈل ہے اور دوسری طرف لاہور کا ترقیاتی ماڈل کوئی بھی سمجھدار شخص کراچی یا پشاور جیسا ماڈل نہیں چاہے گا ، دریں اثنا احسن اقبال نے یونیورسٹی آف نارووال میں اقوامِ متحدہ کے زیرِ اہتمام پروگرام میں شرکت کی اور پروگرام کی تمام تربیتی سرگرمیاں کامیابی سے مکمل کرنے پر طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments