امیرالعظیم کے انتقال پر وزیراعظم ،قومی و عالمی شخصیات کی تعزیت

 امیرالعظیم کے انتقال پر وزیراعظم ،قومی و عالمی شخصیات کی تعزیت

شہبازشریف کا مرحوم کے بیٹے اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کو فون شجاعت، طاہرالقادری، سعد رفیق اور افغانستان کے سفارت خانے کا تعزیتی پیغام

لاہور (سیاسی نمائندہ)جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم کے انتقال پر ملک و بیرون ملک سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، مرحوم کے بھائیوں اور صاحبزادوں سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کی دینی، سیاسی اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے   ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے بھی امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی و ملی خدمات کو سراہا اور اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا۔تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کو ٹیلیفون کرکے تعزیت کی، مرحوم کے لیے مغفرت، بلندیٔ درجات اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق منصورہ پہنچے ، جہاں انہوں نے حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کرکے تعزیت کی، فاتحہ خوانی کی اور امیرالعظیم کی قومی، سیاسی اور دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اسلام آباد میں افغانستان اسلامی امارت کے سفارت خانے نے بھی تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ادھر جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا قاری ارشد عبید، شیخ الحدیث مولانا محمد یوسف خان، حافظ ابو عبید، مولانا حافظ زبیر حسن، مولانا اویس حسن، مولانا نجیب الرحمن اور دیگر علماء نے بھی تعزیتی پیغامات میں مرحوم کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ مرکزی جمعیت اہلِ حدیث سعودی عرب کے صدر عبدالمالک مجاہد نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ امیرالعظیم کی دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...