کشمیری مہاجرین کی نشستیں ختم نہیں ہوں گی:خواجہ آصف

کشمیری مہاجرین کی نشستیں ختم  نہیں ہوں گی:خواجہ آصف

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہاجرین کی نشستیں ختم نہیں ہوں گی اور اس معاملے کو متنازع بنانے کے پیچھے ایک سازش اور بدنیتی کارفرما ہے ۔

کچھ عناصر پاکستان اور کشمیریوں کے تاریخی رشتے کو کمزور کرنا چاہتے ہیں جبکہ کشمیر میں بھی عوام کے سامنے یہی سوال رکھا جا رہا ہے ۔حلقہ ایل اے 36 جموں 3 کے انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی کامیابی اس بات کی گواہی ہوگی کہ عوام پاکستان اور کشمیر کے رشتے کے تقدس کو سمجھتے ہیں۔ یہ محض ایک انتخاب نہیں بلکہ ایک طرح کا ریفرنڈم ہے اور مسلم لیگ (ن) اس معاملے پر واضح مؤقف رکھتی ہے ۔1947ء میں لاکھوں مہاجرین خون کی لکیر عبور کر کے پاکستان آئے اور تقریباً اڑھائی لاکھ افراد نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ پاکستان نے ہمیشہ مہاجرین کی میزبانی اور سرپرستی کی ہے ، جبکہ پاکستان کے ہر صوبے کے جوانوں نے بھی کشمیر کے لیے قربانیاں دی ہیں۔وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ ایک گروہ نے ماضی میں پیپلز پارٹی کی حکومت اور وفاقی حکومت کو بلیک میل کر کے 25 ارب روپے وصول کیے ، اور اب یہی عناصر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے پاکستان اور آزاد کشمیر کے تعلقات کو چیلنج کر رہے ہیں۔ آزاد کشمیر اور پاکستان کی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو بنیادی سہولتیں فوری طور پر فراہم کی جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...