کویت حکومت نے پاکستان کیساتھ دفاعی تعاون کے معاہدہ کی باضابطہ منظوری دیدی
معاہدہ سرکاری گزٹ میں شائع ،عملدرآمد، نگرانی کیلئے مشترکہ فوجی کمیٹی بنے گی ، ارکان دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نامزد کر ینگے ، کمیٹی کا سال میں کم از کم ایک اجلاس ہوگا خفیہ معلومات، دستاویزات ، حساس مواد کے تحفظ سے متعلق دفعات بھی شامل ،کلاسیفائیڈ معلومات کو دوسرے فریق کی اجازت کے بغیر تیسرے فریق کیساتھ شیئر نہیں کیا جا سکے گا، متن
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)کویتی حکومت نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی، جسے حکم نامہ نمبر 73 آف 2026 کے تحت سرکاری گزٹ کویت الیوم میں شائع کر دیا گیا ہے ۔عرب میڈیا کے مطابق یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو کویت میں طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور فوجی تربیت، تعلیم اور مسلح افواج کے مابین تعاون کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرنا ہے ۔معاہدے کے تحت باہمی اتفاق سے فوجی تربیت و تعلیم، لاجسٹک تعاون، فوجی اہلکاروں کے تبادلے ، تکنیکی ماہرین، سائنسی و تکنیکی تعاون، ملٹری انٹیلی جنس اور دیگر دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
اس پر عمل درآمد کے لیے دونوں ممالک سالانہ منصوبے اور ایگزیکٹو پروٹوکول ترتیب دیں گے ، جبکہ مختلف سطحوں پر سرکاری وفود کے تبادلوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔معاہدے کے تحت عمل درآمد، رابطہ کاری اور نگرانی کیلئے مشترکہ فوجی کمیٹی قائم کی جائے گی، جس کے ارکان دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نامزد کریں گے اور یہ کمیٹی سال میں کم از کم ایک بار اجلاس منعقد کرے گی۔معاہدے میں خفیہ معلومات، دستاویزات اور حساس مواد کے تحفظ سے متعلق سخت دفعات بھی شامل ہیں، جن کے مطابق کسی بھی کلاسیفائیڈ معلومات کو دوسرے فریق کی تحریری اجازت کے بغیر کسی تیسرے فریق کے ساتھ شیئر نہیں کیا جا سکے گا۔ یہ رازداری معاہدے کے خاتمے کے بعد بھی برقرار رہے گی۔مالی انتظامات کے مطابق سرکاری وفود کے اندرونِ ملک سفر، رہائش اور ہنگامی طبی علاج کے اخراجات میزبان ملک برداشت کرے گا، جبکہ کسی بھی اختلاف کی صورت میں معاملہ باہمی مشاورت سے حل کیا جائے گا اور اسے کسی بین الاقوامی یا ملکی عدالت میں نہیں لے جایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments