امریکی کانگریس وفد کا لاہور کے تاریخی مقامات،گورنرہاؤس کادورہ

 امریکی کانگریس وفد کا لاہور کے تاریخی مقامات،گورنرہاؤس کادورہ

مزاراقبال پرحاضری ، خراجِ عقیدت پیش ،پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی بھی گئے گورنر ہاؤس میں مغل دور کی نوادرات اور تاریخی جنگی سامان میں دلچسپی کااظہار

 لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے ، کرائم رپورٹر) امریکی کانگریس کے اراکین ریان زنکے اور مائیکل بامگارٹنر پر مشتمل وفد نے لاہور کے تاریخی و ثقافتی مقامات اورگورنرہاؤس کا دورہ کیا۔ وفد نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دے کر خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ شاہی قلعہ، حضوری باغ، دیوانِ عام، دیوانِ خاص، شیش محل، عالمگیری دروازہ، پِکچر وال اور بادشاہی مسجد کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی نجم الثاقب نے وفد کو لاہور کے تاریخی ورثے ، اس کی بحالی اور ثقافتی اہمیت سے متعلق بریفنگ دی۔ امریکی وفد نے تاریخی ورثے کے تحفظ اور بحالی کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ثقافتی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔بعد ازاں امریکی وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں منیجنگ ڈائریکٹر محمد احسن یونس اور چیف آپریٹنگ آفیسر مستنصر فیروز نے ان کا استقبال کیا۔

وفد کو جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی)، انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم، سمارٹ سرویلنس، جدید کیمروں اور پنجاب بھر میں مانیٹرنگ کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد کو پنجاب پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی رابطے ، ایمرجنسی ہیلپ لائن 15، ویمن سیفٹی ایپ، ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن، ورچوئل چائلڈ سیفٹی سنٹر اور ٹریفک مینجمنٹ سسٹم سے بھی آگاہ کیا گیا۔ امریکی وفد کو دورے کے اختتام پر یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ دریں اثنا امریکی کانگریس کے وفد نے گورنر ہاؤس کا بھی دورہ کیااور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ملاقات کی ، گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا پاکستان علاقائی بحرانوں کے حل اور امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے جبکہ امریکی کانگریسی وفد نے بھی خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان کا کردار قابلِ قدر ہے ۔ وفد نے گورنر پنجاب کو امریکی دورے کی دعوت بھی دی،امریکی وفد نے گورنر ہاؤس میں مغل دور کی نوادرات اور تاریخی جنگی سامان میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...