پی ایم ڈی سی:سرکاری میڈیکل کالجوں میں نشستیں بڑھانے کی منظوری

پی ایم ڈی سی:سرکاری میڈیکل کالجوں میں نشستیں بڑھانے کی منظوری

اضافہ صرف ان میڈیکل کالجوں میں کیا جائے گا جو اضافی نشستوں کیلئے درخواست دیں گے اضافی نشستوں میں سابق فاٹا، بلوچستان طلبہ کیلئے ایچ ای سی سکالرشپ کوٹہ مختص کیا جائیگا

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)نے ملک بھر کے سرکاری میڈیکل کالجوں میں طلبہ کے داخلوں کی نشستیں بڑھانے کی منظوری دے دی۔ کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ اضافی نشستوں میں سابق فاٹا اور بلوچستان کے طلبہ کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے اسکالرشپ پروگرام کے تحت کوٹہ بھی مختص کیا جا سکے گا۔پی ایم ڈی سی نے چاروں صوبائی محکمہ صحت کو جاری مراسلے میں بتایا کہ نشستوں میں اضافے کا مقصد میرٹ پر آنے والے باصلاحیت طلبہ کو معیاری طبی تعلیم تک زیادہ رسائی فراہم کرنا، طبی تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا اور صحت کے شعبے کے لیے افرادی قوت کی تیاری کو بہتر بنانا ہے۔

مراسلے کے مطابق نشستوں میں اضافہ صرف ان رجسٹرڈ اور تسلیم شدہ سرکاری میڈیکل کالجوں میں کیا جائے گا جو اضافی نشستوں کے لیے درخواست دیں گے اور پی ایم ڈی سی کے 2025 کے انڈرگریجویٹ میڈیکل و ڈینٹل اداروں کے ایکریڈیٹیشن معیارات پر پورا اتریں گے ۔کونسل نے ہدایت کی ہے کہ معائنے کے دوران نشاندہی کی گئی تمام خامیاں 31 دسمبر 2026 تک دور کی جائیں جبکہ دوبارہ معائنہ اور تصدیقی عمل بھی جاری رکھا جائے گا۔ واضح کیا گیا ہے کہ اضافی نشستوں کی منظوری ادارہ جاتی جانچ اور پی ایم ڈی سی کے مقررہ معیار کی تکمیل سے مشروط ہوگی اور معیار میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔پی ایم ڈی سی نے صوبائی اور علاقائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ سرکاری میڈیکل کالجوں میں فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...