شاہ عبداللطیف بھٹائی عرس کا آج سے آغاز، تیاریاں مکمل
گورنر نہال ہاشمی چادر چڑھاکر افتتاح کرینگے ، زائرین کی آمد کاسلسلہ شروع سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات، داخلی وخارجی راستوں پر پولیس تعینات
مٹیاری (نامہ نگار)بر صغیر کی عظیم ہستی شاعر و بزرگ شاہ عبداللطیف بھٹائی کا سالانہ 283 واں سہ روزہ عرس آج سے بھٹ شاہ میں شروع ہورہا ہے ، جس میں شرکت کیلئے دور دراز سے زائرین و عقیدتمندوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، عرس کا افتتاح گورنر سندھ نہال ہاشمی مزار پر چادر چڑھا کر کرینگے ، عرس کی 3 روزہ تقریبات محکمہ ثقافت کی جانب سے منعقد کی جائینگی، عرس پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے ، درگاہ سمیت شہر ودیگر مقامات پر پاک رینجرز کے جوان بھی گشت پر مامور ہیں، زائرین کو مکمل جامع تلاشی اور واک تھرو گیٹ سے گزار کر داخلے کی اجازت دی جارہی ہے ، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے پیش نظر پاک آرمی کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔
درگاہ سمیت شہر بھر کی سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جارہی ہے ۔ دوسری جانب کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے درگاہ کا دورہ کیا، مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی ہدایات کے مطابق عرس کے کامیاب، پرامن اور شاندار انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ محکمہ ثقافت، محکمہ اوقاف، محکمہ لائیو اسٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے مختلف تقریبات اور پروگراموں کے انعقاد کے ساتھ زائرین کی سہولت کے لیے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مٹیاری اور تمام متعلقہ محکموں نے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کے ذریعے زائرین کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments