اوکاڑہ سے پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر لاہور میں کلینک پر قتل، ڈاکٹر زخمی
عبداللہ طاہر بغیر سکیورٹی گلبرگ میں فزیو تھراپی کلینک پر آئے ،ہیلمٹ میں چہرے چھپائے 2شوٹرزپیچھے پہنچ گئے اندھا دھندفائرنگ،عبداللہ موقع پر چل بسے ،ملزم فرار،والدہ غم سے بے ہوش،شوٹروں کی فوٹیج منظر عام پر آگئی مقتول ریت کے ٹھیکیداراور دیگر کئی کاروبار سے منسلک تھے ،چند ماہ قبل اوکاڑہ میں بھی ان پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا
لاہور (کرائم رپورٹر،ہیلتھ رپورٹر) غالب مارکیٹ گلبرگ کے علاقے گرومانگٹ روڑمیں فزیو تھراپی کلینک میں گھس کر اوکاڑہ سے پی ٹی آئی کے رہنماایم پی اے کے ٹکٹ ہولڈر عبداللہ طاہر کو قتل کر دیا گیا،فائرنگ سے ڈاکٹر بھی زخمی ہو گیا ،شوٹرز قتل کے بعد فرار ہو گئے ،تفصیلا ت کے مطابق عبداللہ طاہر فزیو تھراپی کے لیے کلینک پر آئے تھے ، 2موٹر سائیکل سوار جنہوں نے اپنے چہرے ہیلمٹ پہن کر چھپا رکھے تھے ،تعاقب کرتے ہوئے کلینک کے اندر داخل ہو گئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، عبداللہ طاہر مو قع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ملزم واردات کے بعد آسانی سے فرار ہو گئے ،فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
زخمی ڈاکٹر ریاض کو بازو میں 2 گولیاں لگیں ان کو سروسز ہسپتال کی سرجیکل ایمرجنسی میں منتقل کر دیا گیا ،ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ،مقتول کی والدہ ،رشتے داراور دوست احباب بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ، والدہ غم سے بے ہوش ہو گئیں،مقتول کے ایک رشتہ دار کے مطابق عبداللہ طاہر ہمیشہ سکیورٹی گارڈ کیساتھ نکلتے ہیں تاہم وہ کلینک پر گارڈ ساتھ نہیں لے کر آئے جس سے شوٹرز کو موقع مل گیا،بتایا گیا ہے کہ مقتول عبداللہ طاہر ریت کے ٹھیکیدار اور دیگر کئی کاروبار سے منسلک تھے ،چند ماہ قبل اوکاڑہ میں بھی ان پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا،دیرینہ دشمنی سمیت تمام پہلوؤں پر تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسری طرف شوٹروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں ہیلمٹ پہنے دو نوں شوٹرز کو کلینک کے باہر موٹرسائیکل کھڑا کر کے کلینک میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ان کی بازار سے گزرنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے ، لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے ،پولیس کے مطابق مقدمہ درج کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی جائے گی ۔ عبداللہ طاہر کے قتل کا مقدمہ تھانہ غالب مارکیٹ میں مقتول کی والدہ صفیہ اختر کی مدعیت میں 5 نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ،مقدمہ میں قتل، اقدام سمیت دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments