رکن قومی اسمبلی ملک اقبال چنڑ انتقال کر گئے
برین ہیمبرج ہوا تھا ، نماز جنازہ میں اہم شخصیات کی شرکت صوبائی وزیر بھی رہے ، ، نواز شریف، وزیر اعظم کاا ظہار افسوس
بہاول پور(نامہ نگار ،خبرنگار، سٹی رپورٹر )سینئر سیاستدان ،مسلم لیگ ن رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ انتقال کر گئے ۔ان کی نماز جنازہ ڈرنگ سٹیڈیم میں ادا کی گئی۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف ،وزیراعظم شہباز شریف سمیت سیاسی ، سماجی ، مذہبی رہنمائوں نے اظہار افسوس کیا ہے ، انہیں کچھ روز قبل برین ہیمبرج ہوا تھا، جس کے بعد وہ زیر علاج رہے تاہم ہسپتال میں انتقال کر گئے ، ان کی عمر 76سال تھی ۔ ان کی نماز جنازہ میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، سابق گورنر میاں بلیغ الرحمن، سابق سینٹر سعود مجید، ملک احمد خان، ممبران قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ، بلال اکبر خان، ریاض حسین پیرزادہ،صوبائی وزرا میاں کاظم علی پیرزادہ، بلال اکبر خان، سلطان طارق باجوہ،ممبران صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رانا محمد طارق، خالد محمود ججہ، لال محمد جوئیہ،غلام رضا ربیرہ، رانا آفتاب اقبال، رانا شہباز، عامر حبیب، ملک ارشد، آر پی او بہاول پور غازی صلاح الدین،سمیت اراکین پارلیمنٹ، معروف سیاسی و سماجی شخصیات،سیاسی جماعتوں کے قائدین، انتظامی افسروں، وکلاء، ڈاکٹرز،اساتذہ کرام،سمیت ہر طبقہ فکرسے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ملک محمد اقبال چنڑ متعدد بار پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ، مختلف ادوار میں صوبائی وزیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں اور بعد ازاں رکن قومی اسمبلی منتخب ہو کر بہاولپور کے عوام کی نمائندگی کرتے رہے ۔مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ کے صاحبزادے ملک ظہیر اقبال چنڑ اس وقت پنجاب اسمبلی کے قائم مقام سپیکر ہیںوزیراعظم شہباز شریف نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کو ٹیلیفون کرکے ان کے والد ، اقبال چنڑ کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کی ہے ۔وزیراعظم نے مرحوم کی سیاسی و عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبال چنڑ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک مخلص، وفادار اور متحرک رہنما تھے ۔ دیگر سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے ان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت، درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ملک محمد اقبال چنڑ کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی،قل خوانی بروز جمعرات ان کی رہائش گاہ پر ہو گی اجتماعی دعا 9 بجے صبح کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments