پی ٹی آئی رہنما عبداللہ کو ٹھیکے کے تنازع پر قتل کئے جانیکا انکشاف
نارووال کے رہائشی زمان عرف کوگی بٹ نے شوٹرز کے ذریعے قتل کرایا:ذرائع شوٹرز کی شناخت،جلد گرفتار کرلینگے ،کوگی بٹ کے ریڈ وارنٹ جاری کرارہے :پولیس
لاہور (مد ثر حسین سے )پی ٹی آئی اوکاڑہ کے رہنما عبداللہ طاہر کو ریت کے ٹھیکے کے تنازع پر قتل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما اور ٹکٹ ہولڈر عبداللہ طاہر کو نارووال کے رہائشی زمان عرف کوگی بٹ نے شوٹرز کے ذریعے قتل کروایا ہے ۔بتایا گیا کہ ریت کے ٹھیکے پر کوگی بٹ کا عبداللہ طاہر کیساتھ جھگڑا ہوا تھا،کوگی بٹ نے عبداللہ طاہر کو نارووال میں ریت کا ٹھیکہ لینے سے منع کیا،عبداللہ طاہر نے اس کے باوجود نارووال میں ریت کا ٹھیکہ لیا،کوگی بٹ نے عبداللہ طاہر کو اسی رنجش میں شوٹرز سے قتل کروا دیا،کوگی بٹ امریکا میں مقیم ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق کوگی بٹ 20 کے قریب افراد کو قتل کرواچکا ہے ،زمان عرف کوگی بٹ نے اپنے سگے بھائی کو بھی قتل کیا تھا۔ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ کا کہنا ہے کہ عبداللہ طاہر کو قتل کرنے والے شوٹرز کے بہت قریب پہنچ گئے ،شوٹرز کی شناخت ہو چکی ہے ،جلد انہیں گرفتار کر لیا جائے گا جبکہ کوگی بٹ کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کروائے جا رہے ہیں،جیسے ہی ریڈ وارنٹ ملیں گے کوگی بٹ کو بیرون ملک سے گرفتار کر لیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments