جبر کے نظام کو تاریخ بار بار غلط ثابت کر چکی:سلمان اکرم
اختیارات کے من مانے استعمال کا مسئلہ حل کرنے تک کوئی نظام مؤثر نہیں عبداﷲطاہر کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار کئے جائیں:بیان، پریس کانفرنس
اسلام آباد،اوکاڑہ(مانیٹرنگ ڈیسک، خبرنگار) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے سابق صدر مملکت عارف علوی کے بیان کی تائید کرتے کہا ہے کہ ایسا ریاستی تصور جس میں طاقت کے ذریعے نظام چلایا جائے اور عوام کو بنیادی انسانی وقار سے محروم رکھا جائے ، تاریخ بار بار اسے غلط ثابت کر چکی ہے ۔’’ایکس‘‘پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر آمریت نے ملک کو ساختی اور معاشی طور پر کمزور کیا لیکن پھر بھی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا جا رہا،ہر چند سال بعد جبر کے ناکام تجربات کے بعد نظام کو ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب انتخابات متنازعہ ، عدلیہ کو دباؤ کا سامنا اور عوام کی آواز محدود کی جائے تو طاقت کے غیر ذمہ دارانہ استعمال کا راستہ کھل جاتا ہے جو بدعنوانی اور مایوسی کو جنم دیتا ہے ،اختیارات کے من مانے استعمال کا مسئلہ حل کرنے تک کوئی بھی نظام مؤثر ثابت نہیں ہو سکے گا ۔سلمان اکرم راجہ نے گزشتہ روز اوکاڑہ کے چک نمبر 32 ٹو ایل رحمت حویلی میں پی ٹی آئی کے مقتول رہنما عبداللہ طاہر کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا اوربعدازاں یہاں مرکزی رہنما شوکت بسرا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ عبداﷲطاہر کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار کئے جائیں،ریاست کی ذمہ داری ہے ہر شہری کو انصاف فراہم کرے ، گلبرگ میں عبداﷲطاہر کے قتل کو 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود ملزموں کی گرفتاری نہ ہونا تشویشناک ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments