حضرت داتا گنج بخش ؒکاعرس آج سے شروع، تیاریاں مکمل

حضرت داتا گنج بخش ؒکاعرس آج سے شروع، تیاریاں مکمل

سہ روزہ تقریبات کیلئے ٹریفک و داخلہ پلان جاری، زائرین کیلئے مفت شٹل سروس محفلِ سماع رشید ا یئر لائنز کمپلیکس میں ہوگی،دعا میں شرکت کیلئے سکرینز نصب

لاہور(سیاسی نمائندہ،اے پی پی)برصغیر کے عظیم صوفی اور روحانی بزرگ علی بن عثمان ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اﷲعلیہ کے 983 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبا ت آج سے شروع ہونگی ، دنیا بھر سے لاکھوں عقیدت مندعرس تقریبات میں شرکت کریں گے ۔ ترجمان محکمہ اوقاف کے مطا بق2 تا 4 اگست کو منعقد ہونے والے 983ویں سالانہ عرس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سیکرٹری اوقاف احسان بھٹہ نے دربار کا دورہ کرکے دودھ سبیل، زائرین لنگر کے لیے قائم مارکی، لنگر اور سماع کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ترجمان کے مطابق دربار شریف کے آدھے سے زائد حصے، بھاٹی گیٹ صحن اور گیٹ نمبر 1 اور 2 پر جاری تعمیراتی کام کے باعث جامع ٹریفک و داخلہ پلان جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، مال روڈ، گلشنِ راوی، یتیم خانہ اور چوبرجی سے آنے والے زائرین بلال گنج کے راستے گیٹ نمبر 5 اور 5-A جبکہ شاہدرہ، بادامی باغ، لاری اڈہ، بتی چوک، آزادی چوک اور اندرون لاہور سے آنے والے زائرین ذیلدار روڈ بھاٹی چوک کے ذریعے گیٹ نمبر 3 سے داخل ہوں گے ، جبکہ خواتین کے لیے افتتاحی تقریب سے قبل گیٹ نمبر 4-A اور تقریب کے بعد گیٹ نمبر 4 مختص ہوگا۔

زائرین کی گاڑیوں کی پارکنگ، وضو اور واش رومز کی سہولیات مینارِ پاکستان، اسلامیہ ہائی سکول موہنی روڈ، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز ، سینٹرل ماڈل سکول ریٹی گن روڈ، اسلامیہ کالج ہال سول لائنز اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن بلال گنج روڈ پر دستیاب ہوں گی، جبکہ محفلِ سماع رشید ا یئرلائنز کمپلیکس (چوک سردار چپل فیکٹری، بلال گنج) میں منعقد ہوگی۔ عام لنگر کی تقسیم فرنٹ پیازہ بالمقابل بھاٹی گیٹ، لنگر خانہ اور گیٹ نمبر 3 کے برآمدے میں کی جائے گی، جبکہ گھروں سے لنگر لانے والے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے ٹیکسالی گیٹ، ٹبہ بابا فرید اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ ا ینیمل سائنسزپر شٹل سروس اور نمائندگان بھی موجود ہوں گے ۔ مزید برآں بزرگ شہریوں کی سہولت کے لیے گڑھی شاہو، بادامی باغ، سمن آباد اور چوبرجی چوک سے چار مفت شٹل سروس روٹس فعال رہیں گے ، جبکہ اختتامی اور خصوصی دعا ؤں میں شرکت کے لیے فرنٹ پیازہ، پرندہ مارکیٹ اور ٹبہ بابا فرید پر ایل ای ڈی/ایس ایم ڈی اسکرینز نصب کی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...