ہر گھرغریب، معیشت بدترین بحران کا شکار ہے :شاہد خاقان
بے روزگاری بلند سطح پر، فی کس ٹیکس بوجھ 60ہزار، غربت دعوؤں سے زیادہ انتقام، ایک دوسرے پر الزامات اور جیلوں کی سیاست ختم کی جائے :پریس کانفرنس
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے)عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہر گھر غریب، معیشت بدترین بحران کا شکار ہے ۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے سنگین معاشی بحران سے گزر رہا ہے ۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ٹیکسوں کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چھ برسوں میں عوام کی آمدن کم ہوئی، ہر گھر کی قوتِ خرید میں 14 فیصد کمی آ چکی اور ہر گھرانہ غریب ہو چکا ہے ۔ چند سال قبل فی کس ٹیکس کا بوجھ تقریباً 30 ہزار روپے تھا جو بڑھ کر 60 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے ، بے روزگاری 21 برسوں کی بلند ترین سطح پر ہے ۔
حکومت کے اعداد و شمار غربت میں اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں لیکن حقیقت سرکاری دعوؤں سے کہیں زیادہ سنگین ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستان آنے سے گریز کر رہے ہیں۔ آٹا، گوشت، دال اور مرغی کی کھپت میں واضح کمی آئی ہے ۔ 40 فیصد بچے نشوونما کی کمی کا شکار ہیں، 25 فیصد بچوں کو بنیادی ویکسین دستیاب نہیں، ہزاروں ایچ آئی وی سے متاثر ہیں۔ گندم کی پالیسیوں میں بدانتظامی نے کسان اور عوام دونوں کو نقصان پہنچایا اور فائدہ مڈل مین کو ہوا۔ اُنہوں نے کہا عوام کو آزادانہ فیصلے کا حق دیا جائے ، سیاسی انتقام، ایک دوسرے پر الزامات اور جیلوں کی سیاست ختم کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments