آزادکشمیر میں حکومت مسلم لیگ ن بنائے گی:عطااللہ تارڑ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا آزاد کشمیر میں جاری مرحلہ وار انتخابات کے نتیجے میں مسلم لیگ ن واضح کامیابی حاصل کرے گی اور حکومت بھی بنا ئے گی ۔
کشمیری عوام نے ترقی، استحکام اور پاکستان سے محبت کے جذبے کے تحت مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا ہے ۔ خدمت کے میدان میں کوئی بھی ن لیگ کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں، خصوصاً میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ آزاد کشمیر کے عوام مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور انتخابات کے حتمی نتائج بھی پارٹی کے حق میں آئیں گے ، آزاد کشمیر کے ہر علاقے سے شیر کی آواز آ رہی ہے اور یہی عوامی حمایت حکومت سازی میں تبدیل ہوگی، دیگر سیاسی جماعتوں کے پاس تعمیر و ترقی کا کوئی مؤثر منشور موجود نہیں جبکہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی استحکام کو اپنی سیاست کا محور بنایا ہے ۔ انہوں نے مہاجرین کی نشستوں سے متعلق اٹھائے جانے والے اعتراضات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض ’سازشی عناصر‘ بلاجواز سوالات اٹھا رہے ہیں، تاہم عوام ایسے بیانیے کو مسترد کر دیں گے ، کشمیریوں کے آبا و اجداد نے آزادی اور اپنے حقِ خودارادیت کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا اور کشمیر پارٹی کی پالیسی کی اولین ترجیح رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان سے گہری محبت رکھتے ہیں اور یہی جذبہ انتخابات میں بھی نمایاں نظر آ رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments