افغانستان سے ڈاکٹر بننے والے پاکستان میں رجسٹریشن کیلئے نااہل قرار
اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے افغانستان کے میڈیکل اور ڈینٹل اداروں سے ڈگری حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ کو پاکستان میں رجسٹریشن کے لیے نااہل قرار دے دیا ۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 24 جولائی 2025 کی پالیسی کے مطابق صرف وہی پاکستانی شہری قومی رجسٹریشن امتحان (NRE) میں شرکت کے اہل ہوں گے جنہوں نے میڈیکل یا ڈینٹل ڈگری ایسے غیر ملکی اداروں سے حاصل کی ہو جو ایجوکیشنل کمیشن فار فارن میڈیکل گریجویٹس (ECFMG) سے تسلیم شدہ ہوں جبکہ دیگر تمام مقررہ شرائط بھی پوری کرتے ہوں۔کونسل کے مطابق افغانستان کے میڈیکل اور ڈینٹل تعلیمی ادارے اس وقت ECFMG کی منظور شدہ فہرست میں شامل نہیں، اس لیے ان اداروں کے فارغ التحصیل طلبہ نہ قومی رجسٹریشن امتحان میں شرکت کر سکیں گے اور نہ ہی انہیں پاکستان میں میڈیکل یا ڈینٹل پریکٹس کے لیے پی ایم ڈی سی رجسٹریشن دی جائے گی۔پی ایم ڈی سی نے بتایا کہ متعدد پاکستانی شہری اس وقت افغانستان کے میڈیکل اور ڈینٹل اداروں میں زیرِ تعلیم ہیں، لہٰذا انہیں اور وہاں داخلہ لینے کے خواہش مند طلبہ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے تعلیمی فیصلے اس پالیسی کو مدنظر رکھ کر کریں۔نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اہلیت کے مقررہ قواعد میں کسی قسم کی استثنٰی، نرمی یا خصوصی رعایت نہیں دی جائے گی۔ کونسل کے مطابق یہ نوٹس طلبہ کو مستقبل میں پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کرنے اور غیر ملکی میڈیکل و ڈینٹل ڈگریوں کی منظوری و رجسٹریشن سے متعلق قواعد سے باخبر رکھنے کے لیے جاری کیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments