سندھ کی تقسیم کے مطالبے ، سازش کو مسترد کرتے ہیں ،سردار رحیم
حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے نئے صوبوں کے تنازع کو ہوا دے رہے مسلم لیگ فنکشنل سندھ کی تقسیم کے خلاف بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی، بیان
کراچی (سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کی تقسیم کے کسی بھی منصوبے کو پہلے بھی دوٹوک انداز میں مسترد کرتی آئی ہے اور آج بھی سندھ کی تقسیم کے ہر مطالبے اور ہر سازش کو یکسر مسترد کرتی ہے ۔اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت شدید معاشی بحران، مہنگائی، بے روزگاری، وسائل کی قلت، توانائی کے مسائل اور کھربوں روپے کے قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے ، مگر افسوس کہ جعلی مینڈیٹ کے سہارے اقتدار میں آنے والے حکمران عوام کو ریلیف دینے ، معیشت کو مستحکم کرنے اور گڈ گورننس قائم کرنے کے بجائے نئے صوبوں کے قیام جیسے متنازع اور غیر ضروری معاملات کو ہوا دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے نازک حالات میں قوم کو متحد رکھنے ، قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے صوبوں کی تقسیم کی بات چھیڑنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ، غیر دانشمندانہ اور عوام کی توجہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں اور ناقص کارکردگی سے ہٹانے کی کوشش ہے ۔ اس قسم کے بیانات سے ملک میں نفرت، تقسیم اور انتشار کو فروغ مل سکتا ہے ، جو کسی بھی صورت قومی مفاد میں نہیں۔سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سندھ پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اور اس کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ سندھ کے عوام اپنی دھرتی کی تقسیم کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے ۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے عوام کے جذبات کی ترجمان ہے اور سندھ کی تقسیم کے ہر منصوبے کے خلاف بھرپور سیاسی، آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments