نئے صوبے :پی پی اعلیٰ قیادت واضح موقف دے ، سندھ یونائیٹڈ پارٹی
ملک نازک دور سے گزر رہا،نئے انتظامی یونٹس کی باتیں قومی اتحاد کیلئے نقصان دہ موجودہ بحرانوں کا حل نئے صوبوں میں نہیں آئین پر عمل درآمد میں ہے ،سید زین شاہ
کراچی (این این آئی)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین سید زین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ایک نازک سیاسی، آئینی اور معاشی مرحلے سے گزر رہا ہے ، ایسے حالات میں نئے انتظامی یونٹس یا نئے صوبوں کے قیام کی بحث چھیڑنا قومی اتحاد، وفاقی ہم آہنگی اور صوبائی خودمختاری کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے ۔اپنے جاری بیان میں سید زین شاہ نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد نئے انتظامی یونٹس یا نئے صوبوں سے متعلق دیا گیا بیان سندھ سمیت ملک بھر میں تشویش اور بے چینی کا باعث بنا ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت خصوصاً صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی پالیسی واضح کرے اور سندھ اسمبلی، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپنے تمام منتخب نمائندوں کو ہدایت دے کہ وہ سندھ کی وحدت، تاریخی حیثیت اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس سے متعلق ہر تجویز کو دوٹوک انداز میں مسترد کریں تاکہ عوام میں پائے جانے والے خدشات دور کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے موجودہ بحرانوں کا حل نئے صوبے بنانے میں نہیں بلکہ آئین پر مکمل عملدرآمد، قانون کی حکمرانی، جمہوری اقدار کے فروغ، وفاق کو مضبوط بنانے اور صوبوں کو ان کی آئینی، سیاسی، انتظامی اور مالی خودمختاری دینے میں ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments